• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو خطرہ اپنی کارکردگی اور مہنگائی سے ہے، عطاء ﷲ

حکومت کو خطرہ اپنی کارکردگی اور مہنگائی سے ہے، عطاء ﷲ 


کراچی (کراچی ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ (ن) سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی قرارداد جس میں حکومت کیساتھ عدم تعاون کا کہا گیا ہے اسکا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم اسمبلیوں کے اندر قائمہ کمیٹیوں سے واک آؤٹ کر جائینگے ، اسی لئے اپوزیشن نے نیب قانون میں ترمیم پر حکومت کا ساتھ دیا ہے، یہ ایک اچھا موقع ہے جس میں ہم دیکھیں گے کہ حکومت نیب کیساتھ کیا کرنا چاہتی ہے، لوگوں کو یہ پتہ چلنا چاہئے کہ اس ترمیم کا فائدہ حکومت کس کو دینا چاہ رہی ہے، حکومت نیب میں ترمیم اسلئے کر رہی ہے کیونکہ وہ اپنے لوگوں کو این آر او دینا چاہتی ہے ۔وہ پروگرام جیو پارلیمنٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عطا اللہ نے کہا کہ حکومت کو خطرہ اپنی کارکردگی اور مہنگائی سے ہے اپوزیشن کے قول و فعل میں پہلے دن سے ہی تضاد رہا ہے، ایک طرف اپوزیشن اسمبلی کو جعلی اور حکومت کو سلیکٹڈ قرار دیتی ہے دوسری جانب اسی اسمبلی سے تنخواہیں اور مراعات بھی وصول کر رہی ہے اور صدارتی الیکشن لڑنے کے ساتھ ساتھ باقی چیزیں بھی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کے ساتھ ہر معاملے پر لین دین کیلئے تیار ہے ، انہیں حکومت کے کسی بل سے کوئی غرض نہیں اسکے بدلے میں اپوزیشن چاہتی ہے کہ انہیں این آر او اور ریلیف مل جائے اسکے علاوہ ان کے کیسز میں نرمی ہوجائے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اگر قائمہ کمیٹی سے کوئی بھی بل مشترکہ پاس ہوجاتا ہے تو ہم اسکی مخالفت نہیں کرینگے، اگر حکومت قانون نیب کے قانون کو تبدیل کر رہی ہے تو وہ بالواسطہ اپوزیشن کی اس بات کو مان رہی ہے کہ نیب کا قانون ایک کالا قانون ہے اور نیب کی وجہ سے پورے ملک میں فیصلہ سازی کا عمل رک چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے اندر یہ صلاحیت موجود نہیں ہے کہ قومی معاملات میں اتفاق پیدا کرسکے انہوں نے ہرقومی معاملے کو متنازع بنادیا ہے ، جس طرح فیٹف قانون میں قومی اسمبلی کی گنتی کی حرمت پامال کی گئی جس میں اسپیکر قومی اسمبلی نے حکومت کی اقلیت کو اکثریت قرار دیکر قانون پاس کراوایا۔ گلگت بلتستان میں انتخابات سے متعلق احسن اقبال نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کیلئے لیڈرشپ کا کردار گلگت بلتستان کے نگران وزیر اعلیٰ اور گلگت بلتستان کے الیکشن کمیشن کو دینا ہوگا۔

تازہ ترین