• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد اچکزئی کو بازیاب اور ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے،اے این پی

کو ئٹہ(پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ملک عثمان اچکزئی نے کہا ہے کہ پارٹی کے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری اسد خان اچکزئی کا اغواء قابل مذمت ہے جو لوگ واقعے میں ملوث ہیں ان کی بھول ہے کہ اس طرح کے حربوں سے ہمارے حوصلے پست ہوں گے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسد خان اچکزئی کو جلد بازیاب کرایا جائے ۔ ایک وفد سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری اسد خان اچکزئی گزشتہ تین دن سے لاپتہ ہیں جو ایک افسوسناک عمل ہے، اسد خان دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں ، ایک بیما ر شخص کا اغوا انتہائی قابل افسوس مذمت ہے، انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی کیخلاف ماضی کی حکومتوں میں بھی نہ صرف ہمارے خلاف سازشیں ہوئیں بلکہ ہمارے کئی اہم رہنماء‘صوبائی وزراء اور ان کے بیٹوں کو شہید اور بعض کو لاپتہ کیاگیا اب ایک بار پھراسد خان کو اغواء کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام شاہراہوں اور شہروں کے اندر اور باہر سیکڑوں چیک پوسٹوں کی بھرمار ہے لیکن اس کے باوجود انسانی گمشدگیوں کی مسلسل وارداتیں دیکھنے کو مل رہی ہیں اس قسم کے واقعات سے صوبے کی سیکورٹی پر سوالات اٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر اسد خان کی رہائی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
تازہ ترین