• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس، صحتیابی کے بعد احتیاطی تدابیر

عالمی وباء کورونا وائرس جہاں دنیا بھر میں اموات کا سبب بن رہی ہے وہیں اس وباء سے مریض صحت یاب بھی ہو رہے ہیں اور عام زندگی کی طرف لوٹ رہے ہیں، کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے عرصے کے دوران ہی نہیں بلکہ اس سے صحت یابی کے بعد بھی بہت سی احتیاطی تدابیر اپنانا لازمی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کوویڈ 19 سے متاثر ہونے کے بعد یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو گیا ہے اور اب دوبارہ کورونا وائرس کا شکار نہیں ہو سکتا۔

طبی ماہرین کی جانب سے صحت یابی کے بعد کورونا وائرس سے دوبارہ متاثر ہونے سے بچنے کے لیے کچھ پوسٹ کوویڈ 19 احتیاطی تدابیر تجویز کی گئی ہیں جو کہ مندرجہ ذیل ہیں۔

کوویڈ 19 سے صحتیابی کے بعد کی احتیاطی تدابیر

طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائر س سے متاثرہ مریض اس وباء سے دوبارہ بھی متاثر ہو سکتا ہے، کچھ مریض اپنے اندر اینٹی باڈیز بنانے میں ناکام رہتے ہیں، ایسے مریضوں کا کورونا وائرس کا دوبارہ شکار ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریض کو وبا سے صحت یاب ہونے کے دوران اور بعد میں اپنی قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے کے لیے بہتر اور مثبت غذا کا انتخاب کرنا چاہیے اور ساتھ میں روزانہ ہلکی پھلکی ورزش لازمی کرنی چاہیے۔


کورونا وائرس سے صحت یابی کے بعد ماسک پہننا، دیگر افراد سے میل جول کے دوران درمیان میں فاصلہ رکھنا اور اپنی صاف ستھرائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔

کورونا وائرس سے متاثرہ یا صحت مند سب ہی افراد کو جنک اور فاسٹ فوڈ سے مکمل پرہیز کرنا چاہیے۔

وباء کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے پہلے یا متاثر ہونے کے بعد کی احتیاطی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہیں کریں۔

طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس کی ویکسین آنے میں مزید وقت درکار ہے، اس وباء سے متاثر ہونے والے افراد یا جو اس وباء سے بچے ہوئے ہیں سب ہی کو اس سے بچنے کے لیے بتائی گئی احتیاطی تدابیر سے کام لینا چاہیے۔

کورونا وائرس کی شدت اور کیسز میں کمی کے باوجود یہ ذہن میں رکھیں کہ وباء ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہے، اگر آپ تا حال صحت مند ہیں یا اس سے متاثر ہونے کے بعد صحت یاب ہوئے ہیں تو ابھی بھی پہلے جیسی ہی احتیاطی تدابیر اپنائے رکھنے کی ضرورت ہے۔

کورونا وائرس ایک سے دوسرے فرد کو لگنے والا مرض ہے، اس کے دوبارہ ہونے یا صحت مند انسان کے متاثر ہونے کے خدشات برابر ہیں۔

کورونا وائرس سے بچنے کے لیے بار بار ہاتھ دھونے کی عادت اپنائے رکھیں، خصوصاً کھانا کھانے سے پہلے لازمی ہاتھ دھوئیں، ماسک کے بغیر گھر سے باہر نہ نکلیں اور ہاتھوں کو بار بار سینیٹائز ضرور کریں۔

کورونا وائرس کے دوران اور صحتیابی کے بعد غذا کا کردار

وبا کے دوران قوتِ مدافعت کا مضبوط ہونا نہایت ضروری ہے، کورونا وائرس سے متاثرہ مریض کو بہترین اور مثبت غذا تجویز کی جاتی ہے جس میں پھل، سبزیاں، دالوں کا سوپ، مرغی کی یخنی، سفید گوشت اور خشک میوہ جات شامل ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے میں غذا اہم کردار ادا کرتی ہے جبکہ اس وباء سے صحت یابی کے بعد بھی بہتر اور مثبت غذا کا استعمال جاری رکھنا چاہیے۔

کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کو چکی کے آٹے کی روٹی، پھل، سبزیاں، مچھلی، پرو بائیوٹک پر مشتمل غذائیں جیسے لیموں، ادرک کا اچار اور خشک میوہ جات کا استعمال کرنا چاہیے۔

ہڈیوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے دن میں 15 سے 20 منٹ کے لیے دھوپ ضرور سیکیں۔

سپلیمنٹس کا استعمال کریں۔

پانی، شکنجبین، ناریل کے پانی، سبز چائے، سوپ کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔

کورونا وائرس کے دوران معدہ بھی متاثر ہوتا ہے جس کے سبب غذا ہضم کرنے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے، ایسے میں دالوں اور چاولوں سے بنی کھچڑی، دلیے کا دیسی گھی کے ساتھ استعمال کریں۔

وٹامن، سی، ای اور اے کا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے دوران اور بعد میں بھی استعمال جاری رکھیں۔

تازہ ترین