غذائیت سے بھر پور ساگودانہ سے سب ہی بخوبی واقف ہیں، آسانی سے مارکیٹ میں دستیاب ساگودانہ تقریباً ہر گھر میں ہی استعمال کیا جاتا ہے مگر اس کے حیرت انگیز فوائد سے بہت سے لوگ ناواقف ہیں۔
سفید رنگ کے گول اور چھوٹے چھوٹے موتیوں جیسے دانے ساگو دانہ کو بعض علاقوں میں سابو دانہ کے نام سے بھی پہچانا جاتا ہے، یہ بہت صحت بخش اور ہلکی غذا ہے، زیادہ تر لوگ اسے پیٹ کی خرابی، بیماری یا بچوں کی خوراک کے لیے استعمال کرتے ہیں، اس غذا کو ہر عمر کا فرد کھا سکتا ہے۔
ساگو دانہ جیب پر نہایت سستا اور پکانے میں بہت آسان ہے، آسانی سے ہضم ہو جانے والا ساگودانہ کمزور بچوں اور مریضوں کے لیے بہترین غذا سمجھی جاتی ہے۔
ساگودانہ کے بطور غذا استعمال کرنے کے فوائد:
ہڈیوں کی نشوونما کو بہتر بناتا ہے
کیلشیئم، آئرن اور فائبر سے بھر پور ساگودانہ ہڈیوں کی صحت اور مرمری ہڈیوں کی لچک کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس کے استعما ل سے تھکاوٹ دور ہوتی ہے، ساگودانہ کو بچوں کی ابتدائی غذا میں شامل کرنے سے بچوں کی ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں اور قد میں اضافہ ہوتا ہے۔
پٹھوں کی افزائش میں مدد
ساگو دانہ کو روز مرہ کی غذا میں شامل کیا جا سکتا ہے، ساگودانہ پروٹین کی بھر پور مقدار فراہم کرتا ہے، ساگودانہ کے استعمال سے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں اور متاثرہ پٹھوں کی افزائش ہوتی ہے ۔
بلڈ پریشر متوازن رکھتا ہے
ساگو دانہ پوٹاشیم کی بھر پور مقدار پائے جانے کے سبب خون کی گردش متوازن رکھتا ہے جس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے، ساگو دانہ کے استعمال سے بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے، بی پی کے مریضوں کے لیے ایک دن میں ایک کپ سادہ پکا ہوا ساگو دانہ تجویز کیا جاتا ہے، اس کے باقاعدگی کے استعمال سے با آسانی بلڈ پریشر کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
ساگو دانہ طاقت بخشتا ہے
ورزش یا دیگر سخت جسمانی سرگرمیوں میں زیادہ دیر تک مشغول رہنے والے افراد کے لیے ساگو دانہ بے حد مفید ہے، اس کے استعمال سے تھکن کم ہوتی ہے اور کمزوری دور ہوتی ہے، مسلز بنانے کے شوقین افراد اسے اپنے ناشتے میں شامل کر سکتے ہیں، دن کے آغاز میں اسے کھانے سے تا دیر بھوک کا احساس نہیں ہوتا اور انسان خود کو ہلکا اور طبیعت مثبت محسوس ہوتی ہے۔
وزن میں اضافے کے لیے
وزن بڑھانے کے خواہشمند افراد ساگودانہ کا دودھ کے ساتھ روزانہ استعمال کر سکتے ہیں، ساگودانہ کھانے سے وزن میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ غذائی ماہرین ساگو دانے کو سپلیمنٹس سے بھی زیادہ صحت کے لیے مفید قرار دیتے ہیں۔
نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے
نظام ہاضمہ اور آنتوں کی صحت کے لیے ساگو دانہ بے حد مفید ہے، اس سے معدے کے مسائل جیسے کہ قبض، بدہضمی اور گیس وغیرہ کے ساتھ کولیسٹرول کی سطح کو بھی بہتر بنا تا ہے، ساگودانہ جسم کی اضافی چربی بھی پگھلانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
ساگودانہ کے استعمال کے طریقے:
اسے کھیر، پڈنگ، سوپ ، کیک ، پین کیک، بریڈ، کھچڑی اور بائنڈنگ یعنی کسی بھی غذا کو گاڑھا کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
خالی دودھ یا پانی میں پکا کر بھی استعمال کیاجاسکتاہے اورگاڑھاہونے پر حسب ضرورت چینی ملا کر استعمال کریں۔
بچے اگر اسے کھانا پسند نہ کریں تو ساگو دانہ کو دودھ میں ابال کر چھان کر الگ کر لیں، اب اس دودھ کو بچوں پلایا جا سکتا ہے۔
اسے آلو میں ملا کر اس کے کٹلس بھی بنائے جا سکتے ہیں۔