• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنکار کراچی چڑیا گھر میں موجود بھالو کے بدحال بچے کی آواز بن گئے

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی فنکار کراچی کے چڑیا گھر میں موجود بھالو کے بدحال بچے کی آواز بن گئے، معصوم بچے کی اذیت میں مبتلا ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے فنکاروں نے حکام کو آڑے ہاتھوں لیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے چڑیا گھر میں موجود ایک ریچھ کے بچے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی تھیں۔ بھالو کا بچہ نہایت لاغر اور پریشان کن حالت میں موجود ہے اور چڑیا گھر انتظامیہ کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مختلف فنکاروں نے بھی معصوم بچے کے لیے اپنی آواز بلند کی۔معروف اداکارہ مشال خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ننھے بھالو کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے لکھا کہ میں کراچی چڑیا گھر میں ریچھ کے بچے کو دیکھ کر سخت پریشان ہوں، واضح طور پر یہ مناسب کھانے، پانی اور دیکھ بھال سے محروم ہے۔مشال نے لکھا کہ اس کی آنکھوں میں مدد کے لیے پکار صاف لکھی ہے۔ یہ بہت ظالمانہ ہے، اس سلسلے کو بند ہونا چاہیئے، کراچی چڑیا گھر کو بند کردینا چاہیئے۔ایک اور اداکارہ انعم تنویر نے چڑیا گھر انتظامیہ کو سخت سست سناتے ہوئے کہا کہ کراچی کا چڑیا گھر جانوروں کے لیے ایک محفوظ گھر بننے کے بجائے ان کے لیے جہنم بن گیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ بہت سے جانوروں کی جانوں سے کھیلنے کے بعد اب چڑیا گھر کی انتظامیہ اس معصوم جانور کو بھی کھو دے گی۔انعم کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو کوئی خوف خدا نہیں ہے اور یہ جانوروں کے ساتھ کسی بے جان اشیا کے جیسا سلوک کر رہے ہیں۔معروف اداکارہ انوشے اشرف نے بھی اس حوالے سے لکھا کہ ہم سندھ ہائی کورٹ میں درخوست دائر کرنے جارہے ہیں کہ اس بدحال ریچھ کے بچے کو یہاں سے نکالا جائے، اسے یہاں نہایت غلیظ اور تکلیف دہ ماحول میں رکھا گیا ہے۔انوشے نے لکھا کہ ہم عدالت سے درخواست کریں گے کہ اس بچے کو یہاں سے نکال کر واپس اسکردو اس کے قدرتی ماحول میں بھیجا جائے۔

تازہ ترین