• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشرے میں میاں بیوی کو گاڑی کے دو پہیےکہا جاتا ہے۔ دونوں کا ساتھ ہی معاشرے میں اچھے ماحول کو تشکیل دیتا ہے۔ اگر ان دونوں میں ناچاقی اور نااتفاقی ہو جائے تو گھر کا چلنا مشکل ہو جاتا ہے، جب کہ آج کل تو ذرا ذرا سی بات پر اختلافات اس قدر بڑھ جاتے ہیں کہ دونوں ایک دوسرے کو دیکھنا بھی گوارہ نہیں کرتے۔ ایسا ہی ایک واقعہ گزشتہ دنوں رونما ہوا۔ گھریلو تنازع پر شوہر نے اپنی بیوی جو دو بچوں کی ماں بھی تھی کو قتل کر ڈالا۔ اور فرار ہو گیا۔ اگر سوچا جائے تو ان بچوں کا کیا قصور جو اب معاشرے میں تنہا رہ گئے۔ ماں قتل ہو گئی۔ باپ جیل چلا گیا۔ 

اب ان بچوں کا کیا بنے گا۔ لوگ جذبات میں آکر انتہائی قدم تو اٹھا لیتے ہیں، پھر بعد میں افسوس کرتے ہیں۔ سچ ہے آج کل معاشرے میں قوت برداشت ختم ہو چکی ہے۔ یہ واقعہ بھی کچھ اس طرح ہوا کہ ظالم شوہر نے کلہاڑیوں کے پے در پے وار کرکے اپنی بیوی کو بے دردی سے قتل کردیا اور پھر ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے نعش کو دیہہ صحت مرکز پہنچایا،پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈگری سے ملحقہ میرواہ گورچانی تھانے کی حدود میں واقع گوٹھ خدا بخش چانڈانی لغاری کے رہائشی شوہر سکندر لغاری نے اپنی 26 سالہ بیوی دو معصوم بچوں کی ماں مریم لغاری کو کلہاڑیوں کے پے در پے وار کر کے بڑی بے دردی سے قتل کر دیا اور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔ 

خاتون کے قتل کی اطلاع ملتے ہی میرواہ گورچانی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے دیہی صحت مرکز میرواہ گورچانی پہنچایا گیا۔ جہاں پر لیڈی ڈاکٹر حمیدہ لغاری نے نعش کا پوسٹ مارٹم کیا اور ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ کسی تیز دھار آلے سے خاتون کےسر میں اس بے دردی سے ضرب لگائی گئی ہے، جس کی وجہ سے اس کا مغز باہر نکل آیا ۔ اور خون زیادہ بہنے کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔ دوسری جانب میرواہ گورچانی پولیس نے نعش کا پوسٹ مارٹم کرانے اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد نعش خاتون کے ورثاء کے حوالے کر دی۔ ذرائع کے مطابق قتل کی وجہ گھریلو ناچاقی بتائی جاتی ہے۔ 

میرواہ گورچانی پولیس قاتل کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ بعدازاں میرواہ گورچانی کے قریب 22روز کے بعد بے دردی سے اپنی بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا - میرواہ گورچانی کے قریب گوٹھ خدا بخش چانڈانی میں دو بچوں کی ماں مریم لغاری کو کلہاڑیوں کے پے در پے وار کر کے بے دردی سے قتل کرنے والے اس کے سفاک شوہر سکندر لغاری کو ایس ایس پی میرپور خاص فیصل بشیر میمن کے نوٹس لینے کے بعد میرواہ گورچانی پولیس نے خفیہ اطلاع ملتے ہی 28 میل موری لنک روڑ سے گرفتار کر لیا ہے۔ متوفی خاتون مریم لغاری کی بوڑھی ماں حاجراں لغاری نے اپنے داماد سکندر لغاری کے خلاف اپنی بیٹی کے قتل کا مقدمہ میرواہ گورچانی تھانے میں درج کرایا تھا، جس پر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے 22 دن کے بعد قتل کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ 

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزم نے بتایا ہے کہ برفت ذات کے کسی شخص کے ساتھ میری بیوی کے ناجائز تعلقات تھے، جسے میں نے غیرت میں آکر قتل کر دیا تھا اور فرار ہو گیا- تھانہ میرواہ کی حدود میں گائوں خدو چندانی میں شوہر کی جانب سے ہی اپنی بیوی دو بچوں کی ماں مسمات مریم کو قتل کر کے فرار ہو نے والے ملزم داماد کے خلاف مقدمہ مقتولہ کی ماں کی مدعیت میں داخل کیا گیا، ایس ایس پی میرپورخاص فیصل بشیر میمن نے نہ صرف اس واقعے کا نوٹس لیا،بلکہ جاء وقوعہ کا معائنہ بھی کیا اور ملزم کے جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد ایس ایچ او میرواہ گورچانی غلام صدیق بگھیو نے ان تھک محنت کے بعد 28 میل لنک روڈ پانچ واٹر خفیہ اطلاع پر ملزم سکندر کو گرفتار کر لیا۔ملزم کے خلاف تھانہ میرواہ گورچانی میں قتل کا مقدمہ نمبر 80/2020 زیرِ دفعہ 302 کے تحت درج کرکے مذید تحقیقات شروع کردی ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین