پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان ملکی معاملات سے بےخبر ہونے کے ساتھ تاریخ سے بھی لاعلم ہیں۔
اپنے ایک بیان میں نفیسہ شاہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو عوامی قائد تھے، انہوں نے شکست خوردہ ملک کو باوقار ملک بنایا، ملک کو جوہری طاقت اور آئین کا نور دینے والے بھی ذوالفقارعلی بھٹو شہید ہیں۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان طوطےکی طرح رٹ لگائے رکھتے ہیں کہ وہ کسی کو این آر او نہیں دیں گے، نہ انہیں این آر او کا پتا ہے کہ یہ ہوتا کیا ہے اور نہ ہی ان سے کسی نےاین آر او مانگا ہے۔
رہنما پی پی نے کہا کہ عمران خان خود کو منتخب وزیر اعظم سمجھ رہے ہیں جو اس صدی کا سب سے بڑا لطیفہ ہے۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تشکیل کے بعد سلیکٹڈ وزیراعظم مسلسل بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔