کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام پر زور دیا ہے کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیں، انہوں نے کہا کہ ہم صدیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ رہ رہے ہیں اور ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور اب ہمیں باہمی افہام و تفہیم ، احترام اور ہم آہنگی کی بنیاد پر ان روایات کو زندہ کرنا ہوگا،یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں علمائے کرام کے دو مختلف اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاسوں میں سید رضی جعفری ، علامہ فرقان حیدر عابدی ، مولانا باقر حسین زیدی ، مولانا نذیر تقوی ، سید شبر زیدی ، سبط رضا جبکہ مفتی منیب الرحمٰن ، مفتی تقی عثمانی ، مولانا ثروت اعجاز قادری ، مفتی عابد مبارک مدنی ، مفتی نعیم جان نعیمی ، علامہ پیر سید مظفر شاہ ، علامہ اشرف گورمانی ، علامہ لیاقت اظہری اور مولانہ رحمٰن امجد نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پچھلے کئی دنوں سے کچھ مذموم عناصر صوبے میں فرقہ وارانہ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ چہلم کے جلوس کے لئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کریں ۔