باکو (اے ایف پی /جنگ نیوز )آرمینیا اور آذربائیجا ن کے درمیان لڑائی کو سات روز گزر گئے اور دونوں ملکوں کی جانب سے کاراباخ میں شدید گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے ،ادھر ایران نے آرمینیا اور آزربائیجان کے مابین نیگورنو-کاراباخ میں جاری جنگ کے نتیجے میں اپنے سرحدی دیہاتوں پر مارٹر فائر گرنے پر دونوں ممالک کی فوجوں کو خبردار کردیا۔ پیر کے بعد سے اب تک متعدد مارٹر راؤنڈ ایرانی دیہاتوں کو متاثر کرچکے ہیں۔آذربائیجان کی سرحد سے متصل ایران کے مشرقی گاؤں پرویز خانلو گاؤں میں 5 مارٹر گرےجس کے نتیجے میں ایک 6 سالہ بچہ زخمی ہوگیا۔دونوں ملکوں کے درمیان جنگ میں اب تک 150 سےزائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ اے ایف پی کے مطابق آرمینیا نے 51 علیحدگی پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے ،تفصیلات کے مطابق کاراباخ کا علاقہ ہفتے کے روز بھی شدید گولہ باری سے گونجتا رہا ہے اور متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں ، تازہ اطلاعات کے مطابق 150 سے زائد افراد اس لڑائی میں ہلاک ہوچکے ہیں۔