رواں سال اس دُنیا سے کوچ کر جانے والے بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کے بڑے بیٹے بابیل خان کی جانب سے والد کی یاد میں ایک جذباتی پیغام سامنے آیا ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر بابیل خان نے اپنے بچپن کی ایک یادگار تصویر پوسٹ کی جس میں عرفان خان نے بابیل کو گود میں اُٹھایا ہوا ہے جبکہ دُھندلی ہونے کی وجہ سے تصویر صاف نظر نہیں آرہی۔
بابیل خان نے تصویر شیئر کرتے ہوئے عرفان خان کو یاد کیا اور جذباتی ہوتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کی موت اُن لوگوں کے لیے تکلیف دہ ہے جو آپ کو دل سے پیار کرتے ہیں لیکن آپ نے مجھے ہمیشہ سکھایا کہ موت تو دوسری دُنیا میں نئی زندگی کی شروعات ہے۔‘
عرفان خان کے بیٹے نے لکھا کہ ’لہٰذا میں آپ کی خوبصورت زندگی کو یاد کرتے ہوئے خوش ہوتا ہوں اور ماضی کے اچھے لمحات کو بھی محسوس کرتا ہوں۔‘
بابیل خان نے اپنے والد کے مداحوں کو اُس میوزک بینڈ کے بارے میں بھی بتایا جس کے گانے سُننے کا مشورہ عرفان خان نے اپنے بیٹے کو مشورہ دیا تھا۔
اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے وہ دن یاد ہے کہ جب میں ’The Beatless‘ کے گانے سُن رہا تھا لیکن اُسی وقت آپ نے مجھے میوزک بینڈ ’The Doors‘ کے گانے سُننے کی تجویز کی اور پھر ہم ایک ساتھ وہ گانے سُنا کرتے تھے۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میں آج بھی وہ گانے سُنتا ہوں اور ماضی کے اُس حسین وقت کو محسوس کرتا ہوں۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل بابیل خان نے اپنی کچھ تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے عرفان خان کے مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ 13ویں بار اپنے والد کی فلم ’دی لنچ باکس‘ دیکھنے جا رہے ہیں۔
بابیل خان کی پوسٹ پر عرفان خان کے مداحوں نے کمنٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دی لنچ باکس اُن کی پسندیدہ فلموں میں سے ایک ہے جبکہ ایک مداح نے کہا تھا کہ وہ صرف عرفان خان کی محبت میں یہ فلم 14 بار دیکھ چکے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔