رواں سال 29 اپریل کو اِس دنیا سے رخصت ہونے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کے بیٹے بابیل خان نے سوشل میڈیا صارفین کو بتا دیا کہ اُنہوں نے اپنے والد کی کونسی فلم 13ویں بار دیکھی ہے۔
اکثر اپنے والد عرفان خان کی یاد میں سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرنے والے بابیل خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی کچھ تصویریں پوسٹ کیں جن میں وہ دروازہ کھولتے نظر آرہے ہیں۔
بابیل خان کی تصویریں دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ گھر سے کہیں باہر جا رہے ہیں۔
انسٹاگرام پر تصویریں شیئر کرتے ہوئے بابیل خان نے عرفان خان کے مداحوں کو بتایا کہ ’وہ 13ویں بار اپنے والد کی فلم ’دی لنچ باکس‘ دیکھنے جا رہے ہیں۔‘
بابیل خان کی پوسٹ پر عرفان خان کے مداحوں نے کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ دی لنچ باکس اُن کی پسندیدہ فلموں میں سے ایک ہے جبکہ ایک مداح نے کہا کہ وہ صرف عرفان خان کی محبت میں یہ فلم 14 بار دیکھ چکے ہیں۔
لنچ باکس کب ریلیز ہوئی تھی؟
بھارتی فلم ’دی لنچ باکس‘ سال 2013 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم میں عرفان خان نے ایک ادھیڑ عمر ساجن فرنانڈس کا کردار نبھایا تھا جو ایک سرکاری محکمے میں کلرک تھا۔
اس سے قبل بابیل خان نے انسٹاگرام پرعرفان خان کے ہمراہ اپنے بچپن کی ایک یادگار تصویر پوسٹ کرتے ہوئے والد کی یاد میں ایک جذباتی پیغام جاری کیا تھا۔
بابیل خان نے اپنے خواب کو یاد کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ گزشتہ رات 14 گھنٹے تک سوتے رہے اور وہ نہیں چاہتے تھے کہ وہ اس نیند سے اُٹھیں کیونکہ وہ خواب میں اپنے والد کو دیکھ رہے تھے۔
اُنہوں نے جذباتی ہوتے ہوئے لکھا تھا کہ اُنہیں نیند سے جاگنا پسند نہیں کیونکہ جاگنے کے بعد ہر دن یہ احساس ہوتا ہے کہ اُن کے والد اُنہیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
بابیل خان نے عرفان خان کے مداحوں کو اپنے خواب کے بارے میں بتاتے ہوئے لکھا تھا کہ خواب میں اُن کے والد نے کچھ نہیں کہا، وہ بس مُسکراتے رہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔