• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد جاپانی کاروباری شخصیت کے ساتھ پونے دو کروڑ روپے کا فراڈ

جاپان کی معروف کاروباری شخصیت اور پاک جاپان بزنس کونسل ٹوکیو کے ڈائریکٹر ملک سلیم بوئیکی کے ساتھ لاہور میں دو کڑوڑ روپے کے فراڈ کا واقعہ پیش آیا ہے، جعلی چیک دیکر ان سے دو کروڑ کی گاڑیاں ریلیز کرالی گئیں۔

ملک سلیم بوئیکی دو ہفتوں سے پاکستان میں پولیس اور سرکاری اداروں کے چکر لگارہے ہیں، لیکن پولیس ایف آئی آر درج کرنے میں بھی پس و پیش سے کام لے رہی ہے۔

پاک جاپان بزنس کونسل نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری سرور سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جاپان کی معروف کاروباری شخصیت ملک سلیم بوئیکی نے چند ماہ قبل لاہور کے لیے جاپان سے گاڑیاں برآمد کی تھیں، جسے لاہور میں ایک نجی امپورٹر خواجہ شہزاد نے ایک شوروم کے نام پر مذکورہ گاڑیاں خریدیں۔

جب گاڑیاں لاہور پہنچ گئیں تو خواجہ شہزاد نے چیک دے کر گاڑیوں کاغذات حاصل کرلیے، تاہم اگلے روز بینک سے پونے دو کروڑ کا چیک باؤنس ہوگیا جس کے بعد سے وہ شوروم بند کرکے غائب ہوگیا ہے۔

اس معاملے کے بعد ملک سلیم بوئیکی فوری طور پر پاکستان روانہ ہوئے اور پولیس اور دیگر سرکاری اداروں سے مذکورہ شخص کے خلاف فراڈ اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی، لیکن مذکورہ شخص کے مبینہ اثر و رسوخ کے باعث پولیس بھی ایف آئی آر کے اندراج سے گریز کررہی ہے۔

اس حوالے سے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے وزیر اعلیٰ   عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری سرور سے مطالبہ کیا ہے کہ پاک جاپان بزنس کونسل کے ڈائریکٹر کے ساتھ ہونے والے فراڈ اور دھوکہ دہی کا اعلیٰ سطع پر نوٹس لیکر ان کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا تدارک کیا جائے۔

دوسری جانب وزیر آباد، جہاں ملزم کا چیک باؤنس ہوا ہے، وہاں پولیس  کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں ملک سلیم بوئیکی کی درخواست موصول ہوئی ہے جس پر کارروائی جاری ہے اور جلد اس کیس کی ایف آئی آر درج کریں گے۔ اس سلسلے میں کچھ مزید وقت درکار ہے۔

تازہ ترین