ماڈلنگ سے شہرت حاصل کر کے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی علیزے گبول عالمی وباء کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔
اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اپنے دوستوں اور پرستاروں کو کورونا وائرس کی تشخیص کی خبر دیتے ہوئے بتایا کہ ’آج میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’عالمی وباء کی علامات تیز بخار سے ظاہر ہونا شروع ہوئیں، لیکن اب میں ٹھیک ہوں۔‘
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے خود کو گھر میں الگ کرلیا ہے، جلد صحتیابی کیلئے پُرامید ہوں، علیزے نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان شوبز انڈسٹری کی بےشمار شخصیات کورونا وائرس کا مثبت تجربہ کرچکی ہیں۔
کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والی شخصیات میں روبینہ اشرف، شہزاد رائے، ابرار الحق، ندا یاسر، علیزے شاہ اور دیگر شامل ہیں۔
دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز میں اضافہ ہوا ہے مریضوں کی تعداد 8 ہزار 646 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے671 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 18 ہزار 266 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 646 ہوگئی جبکہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 3 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 558 ہوگئی۔
سندھ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 39 ہزار 910 ، پنجاب میں ایک لاکھ 484، خیبرپختونخوا 38 ہزار 273 ، اسلام آباد میں 17 ہزار 210، بلوچستان میں 15 ہزار 498 ، آزاد کشمیر 2 ہزار 991 اورگلگت بلتستان میں 3 ہزار 900 تعداد ہوگئی۔