• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں کورونا سے اموات میں اضافہ جاری

لندن (وجاہت علی خان) برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات میں گزرتے ہوئے وقت کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ’’قومی ادارہ شماریات‘‘ کے تازہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ ہر پندرہ دن میں اموات کی تعداد دوگنی ہورہی ہے اور ہفتے میں دو اکتوبر تک برطانیہ میں 11,444 اموات رجسٹرڈ ہوئیں، حکومت کے سائنسی مشیروں نے گزشتہ ماہ کووڈ 19 کا پھیلائو روکنے کیلئے انگلینڈ میں ایک مختصر لاک ڈائون کا مطالبہ کیا تھا، کمیونٹیز سیکرٹری رابرٹ جینک نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا کیسز پر قابو پانے کیلئے ’’مضبوط کارروائی‘‘ کی ہے لیکن لیبر پارٹی نے حکومتی پالیسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے خطرناک قرار دیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم بورس جانسن نے پیر کی شام بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دوبارہ مکمل لاک ڈائون کا متحمل نہیں ہوسکتا لیکن اس ضمن میں مزید سخت اقدامات کرتے ہوئے اس بات کا عندیہ دیا گیا ہے کہ تمام بارز، پب، ریستوران، کلب، جم اور ہیئرڈریسر دکانوں کو بند کیا جاسکتا ہے۔ سائنسدانوں نے یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ یونیورسٹیز اور کالجوں کا تمام تدریسی عمل آن لائن کیا جانا چاہئے اور ایک دوسرے کیساتھ ملنے جلنے یا چھ سے زیادہ افراد کے گروپس کے اکھٹا ہونے پر بھی پابندی پر سختی سے عملدرآمد ہونا ضروری ہے۔ ’’سائنٹیفک ایڈوائزری گروپ فار ایمرجنسی‘‘ کی دستاویزات کے مطابق ’’این ایچ ایس‘‘ کے ٹیسٹ اینڈ ٹریس سسٹم کی وجہ سے کورونا کیسز کم کرنے میں بہت کم فائدہ ہوا ہے۔
تازہ ترین