کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم 20کروڑ عوام اور جمہوریت کا مقدمہ لڑرہی ہے، سلیکٹڈ حکمرانوں کی ابھی سے ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں، اپوزیشن کے خلاف تھانیداروں والے ہتھکنڈے بند کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار پی پی پی پارلیمینٹر ین کی مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر نفیسہ شاہ اور پی پی پی کے مرکزی ڈپٹی اطلاعات سیکریٹری پلوشہ خان نے میڈیا سیل بلاول ہاوَس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی پی پی سندھ کے اطلاعات سیکریٹری عاجز دھامراہ، سینیٹر سسی پلیجو، فدا حسین ، میر سہراب مری، سردار نزاکت اور شکیل چودھری بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے شبلی فراز کو "وزیرِ مس انفارمڈ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف وزیرِ اطلاعات کہتے ہیں کہ اپوزیشن کو جلسے کرنے کی اجازت ہے، تو دوسری جانب تھانیداروں والے ہتھکنڈے آزمائے جا رہے ہیں۔