• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجرانوالہ میں آج PDM کا پاور شو، جناح اسٹیڈیم بھر کردکھائیں، حکومت، چیلنج قبول ہے، اپوزیشن

گوجرانوالہ میں آج PDM کا پاور شو


لاہور/ گوجرانوالہ (نمائندگان جنگ / نیوز ایجنسیز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک کا پہلا پاور شو آج (جمعہ کو) گوجرانوالہ میں ہوگا۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن جامعہ اشرفیہ لاہور ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کائرہ ہاؤس لالہ موسیٰ سےریلی کی صورت میں گوجرانوالہ جائیں گے ، مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز جاتی امراء سے روانہ ہوں گی ۔ 

ادھر پولیس نے لیگی رہنماؤں اورکارکنوں کی گرفتاری کیلئے 250سے زائد چھاپے مارے جبکہ سرگودھا اور بھلوال میں لیگی کارکنوں کیخلاف کورونا وائرس پھیلانے کے مقدمے درج کرلئے گئے ۔ اپوزیشن کے جلسے میں شرکت روکنے کیلئے میانوالی میںبڑے بڑے کنٹینرز پہنچ گئے۔ 

دوسری جانب حکومت نے اپوزیشن کو اسٹیڈیم بھرنے کا چیلنج دیدیا ہے اور وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ عوام کو تنگ کرنے کیلئے سڑکوں پر کسی صورت جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ جناح اسٹیڈیم کو بھرکر دکھائیں، کرونا ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا۔ اپوزیشن نے حکومتی چیلنج قبول کرلیا ہے ۔ 

رانا ثناء اللہ ، سعد رفیق کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ شبلی فراز کا گوجرانوالہ کا اسٹیڈیم بھرنے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہاکہ اسٹیڈیم بھرا ہوا نظر آیا تو شبلی فراز کتنی دیر میں استعفیٰ دیں گے، مسلم لیگ ( ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج کا جلسہ حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ہو گا۔

رانا ثناء اللہ میاں افتخار نے کہاکہ گرفتاریوں سے تحریک زورپکڑتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک کا پہلا جلسہ آج گوجرانوالہ میں ہوگا جس میں اپوزیشن جماعتوں کے مرکزی قائد ین شرکت کریں گے ،جلسہ سے جمعیت علماءاسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹوزرداری ،مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز،مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ ساجد میر ،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما امیر حیدر خان ہوتی اور میاں افتخاراحمدخطابات کریں گے ۔

مولانا فضل الرحمن جامعہ اشرفیہ فیروز پورروڈ،مریم نواز جاتی امراءسے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد قافلوں کی صورت میں گوجرانوالہ کے لئے روانہ ہونگے۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری امیر بہاد ر خان ہوتی کی قیادت میں جلوس جوڑے پل نزد ائرپورٹ سے نکلے گا جو گوجرانوالہ تک پہنچے گا۔

مولانا عبدالغفور حیدری پرانا کاہنہ سے کارواں کا آغاز کریں گے، جہاں سے لاہور، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال پاکپتن اور دیگر اضلاع کے قافلے ان کے ہمراہ ہونگے، مسلم ٹاؤن پہنچ کر ان کے قافلے مولانا فضل الرحمن کے قافلے کا حصہ بن جائیں گے۔ 

دوسری جانب حکومت نے اپوزیشن کو جناح سٹیڈیم بھرنے کا چیلنج دیا ہے جس پر اپوزیشن نے کہا ہے کہ آج کا جلسہ حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ہو گا،گزشتہ روزایک ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ بطور جمہوری حکومت اور پارٹی،اپوزیشن کو فیملی لمیٹڈ کمپنی کرپشن کے بچاؤ کے لئے جناح سٹیڈیم میں مجمع اکٹھا کرنے کی باقاعدہ اجازت دیدی ہے۔

عوام کو تنگ کرنے کے لئے سڑکوں پر کسی صورت جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ جناح سٹیڈیم کو بھریں،اپوزیشن سٹیڈیم کے اندر جلسہ،کورونا ایس او پیز پر عمل کرے۔ 

دوسری طرف میڈیا سے گفتگو کرتےمسلم لیگ ( ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج کا جلسہ حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ہو گا، پنجاب انتظامیہ نے رکاوٹیں ڈالنے کی پوری کوشش کی ناکامی پر مجبور ہو کر جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں جلسہ کا این اوسی دے دیا ، حکومت کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے معیشت تباہ ہو چکی ، پرویز رشیدنے کہا کہ سٹیڈیم بھرا ہوا نظر آیا تو شبلی فراز کتنی دیر میں استعفی دیں گے۔ 

رانا ثنا اللہ نے کہاکہ کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے، گرفتاریوں سے تحریکیں زور پکڑتی ہیں، کسان، تاجر سمیت سب گوجرانوالہ پہنچیں۔

پی ڈی ایم کے سیکرٹری اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا کہ آپ رکاوٹیں ہٹائیں ، گرفتاریاں چھوڑیں تو اسٹیڈیم کم پڑ جائیگا،ہم شفاف انتخابات کیلئے نکلے ہیں، ہمارا پروگرام پرامن ہے ، پہلے جلسے سے ہی حکومت خوف کا شکار ہوگئی ہے ، حکومت کو اپنے جلسوں اور تقاریب میں کورونا نظر نہیں آتا مگر اپوزیشن کے جلسہ میں کورونا یاد آجاتا ہے۔

کورونا ایک وبا ہے احتیاط کرنی ہے لیکن اس وبا کی اتنی شدت سے نہیں ہے لیکن ماسک پہننا ضروری ہے، جلسے میں کتنے لوگ ہوں گے یہ آپ کو نظر آجائے گا۔ 

علاوہ ازیں جاتی امراء میں لیگی رہنماؤں کی اہم بیٹھک ہوئی، نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز سےسینیٹر پرویز رشید، ، رانا ثنااللہ، میاں جاوید لطیف اور محمد زبیر نےملاقات کی،ملاقات میں مسلم لیگ ن کے کارکنان کی گرفتاریوں کی مذمت کی گئی،مریم نواز نے کہا کہ گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں، ہماری تحریک کامیاب ہوگی۔ 

گجرانوالہ کا جلسہ عظیم الشان ہوگا۔سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نوازکے ترجمان زبیر عمرنے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاحکومت ایک نہتی عورت سے خوفزدہ ہے۔ جلسہ روکنے کے کئے ٹرانسپورٹرز پر بھی دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں لاہور پولیس کا شہر میں چھاپوں، گرفتاریوں اور کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف تھانوں کی پولیس نے 125 سے زائد لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے رشتے داروں اور کا م کر نے والو ں کو بھی حراست میں لے لیا۔ 

تازہ ترین