• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روز جلسے کریں، انہوں نے ہی ملک کا بیڑہ غرق کیا، نیب زدگان سے کوئی خطرہ نہیں، عمران خان

روز جلسے کریں، انہوں نے ہی ملک کا بیڑہ غرق کیا، نیب زدگان سے کوئی خطرہ نہیں، عمران خان


اسلام آباد ( ایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیروزگاراپوزیشن کو اہمیت دینے کی کوئی ضرورت نہیں ‘حکومت کو نیب زدگان سے کوئی خطرہ نہیں‘ میںچاہتا ہوں کہ یہ لوگ ہر روز جلسے کریں‘یہ جلد تھک جائیں گے ‘ان کا بیانیہ نہیں بکے گا‘ جوآج جلسے کررہے ہیں ان لوگوں نے ملک کا بیڑہ غرق کیا ہے‘مہنگائی ختمکر کے دم لیں گے، وزیراعظم کی زیر صدارت جمعہ کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ‘مہنگائی کے معاملے پرپی ٹی آئی ارکان عمران خان کے سامنے پھٹ پڑے۔

نورعالم خان نے وزیراعظم سے کہاکہ آپ کی ٹیم ناقص ہے جبکہ آزاد منتخب ہونے والے ایم این اے ثناء اللہ مستی خیل نے کہاکہ حالات بہتر ہوتے نظر نہیں آرہے‘ حکومتی وزیراورمشیرایک ٹکے کے نہیں ‘عوام انہیں گندے انڈے مارنے کیلئے تیارہیں ‘ شہری بجلی اور گیس کے بل دینے کے قابل نہیں رہے، ملک میں خوراک کا بحران پیدا ہوتا نظر آرہا ہے۔ مہنگائی روز بروز بڑھ رہی ہے ۔حکومتی ٹیم ناکام ہو چکی ہے۔

اس موقع پر عمران خان نے کہاکہ حالات ہماری وجہ سے حالات خراب نہیں ہیں، جو آج جلسے کررہے ہیں انہی لوگوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا ہے‘یہ لوگ کرپشن اور لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لیے نکلے ہیں‘ملک لوٹنے اور منی لانڈرنگ کرنے والے پھر اکھٹے ہو گئے ہیں‘ عوام کے سامنے اپوزیشن روز بروز بے نقاب ہورہی ہے۔

اس کے جلسوں سے پریشان نہ ہوں، ہم سے بڑے جلسے کسی نے نہیں کیے، عوام کو درپیش تمام مسائل کا ادراک ہے، حماد اظہر اور فخر امام کو چینی گندم کے بحران پر قابو پانے کا ٹاسک سونپا ہے، مہنگائی سمیت عوامی مسائل پر جلد قابو پا لیں گے۔

وزیر اعظم کا کہناتھاکہ بیورو کریسی نے گندم اور چینی کے غلط اعدادو شمار بتائے جس کی وجہ سے ملک میں بحران پیدا ہوا اور قیمتیں بڑھیں۔نورعالم خان نے وزیراعظم سے کہا کہ آپ کی ٹیم ناقص ہے، لیکن آج ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت پر مشکل وقت ہے اس لیے تحفظات کے باوجود ہم ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیرمملکت علی محمد خان کا کہناتھا کہ اپوزیشن کی سیاست نہیں بکے گی، سب ان کو جان چکے ہیں اس ملک کو لوٹنے والے، منی لانڈرنگ کرنے والے اور بیڑاغرق کرنے والے کون ہیں۔

تازہ ترین