• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جانثار اور ثابت قدم کارکن پیپلزپارٹی کا ورثہ ہیں، آصف زرداری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہاہےکہ جانثار اور ثابت قدم کارکن پیپلزپارٹی کا ورثہ ہیں، دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہاہےکہ کارکنوں نے آئین کی بالادستی کیلئے شہادتیں قبول کی ہیں۔سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ان شہداء نے آئین، جمہوریت اور بااختیار پارلیمنٹ کے لئے اپنی جانیں قربان کرکے دنیا کی سیاسی تاریخ میں ایک سنہری باب رقم کیا ہے، 18اکتوبر کے سانحہ کارساز کے شہداءکی برسی پر اپنے ایک پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسے جانثار اور ثابت قدم کارکن پیپلزپارٹی کا ورثہ ہیں جنہوں نے اپنی قائد محترمہ بینظیر بھٹو کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا،آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے ان تمام خوابوں کو ابھی حقیقت کا روپ دینا ہے، علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں نے جمہوریت کی بحالی، آئین کی بالادستی اور منتخب پارلیمان، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے شہادتیں قبول کی ہیں، دہشت گرد حملوں، جھوٹے مقدمات، بلاجواز گرفتاریوں اور اب کٹھ پتلی سلیکٹڈ وزیراعظم کی جانب سے کھلی دھمکیوں کا سامنا کرنے کی شکل میں بے مثال قربانیاں دینے کے باوجود وہ جدوجہد آج بھی جاری ہے۔

تازہ ترین