• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کے پی کے نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سندھ کی ٹیم کو آٹھ وکٹ سے شکست دے کر حریف ٹیم کی کہانی ختم کرتے ہوئے فائنل میں قدم رکھ لیا جہاں اس کا مقابلہ اتوار کی شام پنڈی اسٹیڈیم میںسدرن پنجاب سے شام ساڑھے ساے بجے ہوگا،سدرن نے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ناردرن کا قصہ تمام کردیا تھا، دوسرے میچ میں کپتان محمدرضوان اور فخر زمان کے درمیان113رنز کی شراکت نے جیت میں اہم کردار ادا کیا،پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے 143 رنز کا ہدف 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ کپتان محمد رضوان اور فخر زمان نے کریز سنبھالتےہی جارحانہ انداز اپنایاتو سندھ کے بولرز دباؤ کا شکار ہوگئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 65 گیندوں پر 113 رنز کی شراکت نے کے پی کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔کپتان محمد رضوان نے50گیندوں پر67 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 11چوکے شامل تھے۔بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان 29 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دونوں کھلاڑیوں کو دانش عزیز نے رخصت کیا۔ اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پر تجربہ کارمحمد حفیظ اور شعیب ملک نے کریز سنبھالی، دونوں بلے باز بالترتیب 12 اور 6 رنز بناکرناقابل شکست رہے۔خیبرپختونخوا نے مطلوبہ ہدف 14.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔اس سے قبل محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سندھ کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ میچ کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی۔ فاتح ٹیم کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے شرجیل خان صفر، اسد شفیق 1، اعظم خان صفر، سہیل خان 9، سرفراز احمد4، انور علی 3، محمد حسنین 1اور غلام مدثر 1 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سندھ کے صرف 2 کھلاڑی ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ خرم منظور74 اوردانش عزیز 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 80 رنز کی شراکت قائم کی۔سندھ کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 142 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔میچ میں شاندار اننگز کھیلنے پر خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان کو مین آف دی میچ کاایوارڈ دیا گیا۔

تازہ ترین