• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول اور وزیراعلیٰ سندھ کا آئی جی سے اظہار یکجہتی

بلاول اور وزیراعلیٰ سندھ کی آئی جی ہاؤس آمد


کراچی(جنگ نیوز، خبرایجنسی/اسٹاف رپورٹر)سندھ پولیس کے آئی جی سے اظہار یکجہتی کیلئے بلاول اور وزیراعلیٰ سندھ کی آئی جی ہاؤس آمد،چیئرمین پیپلز پارٹی نےکہاہےکہ سندھ پولیس نے ملک دشمن عناصر ،دہشتگردی اور جرائم کیخلاف قابل ستائش خدمات انجام دیں، عوام کا پولیس پر فخر کا تسلسل جاری رہے گا۔ 

تفصیلات کےمطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی میں سندھ کے آئی جی پولیس مشتاق مہر کی رہائش گاہ پہنچ گئے، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ پولیس کے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف کردار کو سراہااور بطور حکمران جماعت کے سربراہ اعلیٰ پولیس افسران کے سامنے کراچی واقعے پر اظہار مذمت کیا۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ پولیس نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف قابل ستائش خدمات سرانجام دی ہیں، سندھ پولیس نے ملک دشمن عناصر کے خلاف مثالی کارنامے انجام دئیے۔ چینی قونصل خانے کا تحفظ گواہ ہے کہ سندھ پولیس نے خارجہ امور کے تحفظ کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کیا۔ 

کراچی اسٹاک مارکیٹ کا دفاع گواہ ہے کہ سندھ پولیس نے پاکستان کے معاشی حب کی زندگیاں دے کر حفاظت کی، انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے مجھے کراچی واقعے کی شفاف تحقیقات کی یقین دہائی کرائی ہے۔

آرمی چیف نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ کراچی واقعے کی تحقیقات کے جلد نتائج سامنے آئیں گے،سندھ حکومت بھی کراچی واقعے کی وزراء کی سطح پر تحقیقات کررہی ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد پر سندھ پولیس کی خدمات کا معترف ہوں، میں یقین دلاتا ہوں کہ سندھ کے عوام کا صوبے کی پولیس پر فخر کا تسلسل جاری رہے گا۔

تازہ ترین