لندن( پ ر) پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی صدر انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی کی منزل اسلام آباد کے ایوان نہیں بلکہ اسلام آباد کے اختیارات جو صوبوں کو پہنچیں ہیں، ان اختیارات کو پاکستان کی ایک ایک گلی اور ایک ایک گھر تک پہنچانا ہیں، دورہ گلگت بلتستان، پشاور اور اسلام آباد کے بعد کراچی واپس پہنچے پر پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے سینئر نائب صدر مرزا فیصل محمود سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئےانیس قائمخانی نےبتایا کہ پاک سرزمین پارٹی کے اعلیٰ سطحی وفد میں سینئروائس چیئرمین اشفاق منگی،وائس چیئرمین شبیر قا ئمخانی،ارشد وہرہ،جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر فوزیہ، آفاق جمال اور دیگر شامل تھے۔انہوں بتایا کہ دورہ کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کی اور تنظیمی آفس اور تنظیمی سیٹ اپ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ فیصل محمود نے انیس قائم خانی کو دورہ گلگت بلتستان، پشاور اور اسلام آباد کے کامیاب دورے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانیوں کا پاک سرزمین پارٹی پر اعتماد کامظہر ہے،پاکستان کے کونے کونے سے پاکستانی بلکہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی جوق در جوق پاکستان کو بچانے والی جماعت میں شامل ہو رہے ہیں ۔انیس قائم خانی نے برطانیہ میں بسنے والے تمام تحریکی ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا اوورسیز پاکستانیوں خصوصاً برطانیہ کے وطن پرستوں کی پاکستان کوبچانے اوراسے استحکام اور ترقی پر لے جانے کی جدوجہد سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کو جس اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا سامنا ہے زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو اس جدوجہد میں شامل کیا جائے ۔