کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال بلاک 7میں مسکن چورنگی کے قریب 4منزلہ رہائشی عمارت میں پراسرار دھماکے میں 5افراد جاں بحق اور 26زخمی ہوگئے، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے سےقریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔دھماکا 4 منزلہ عمارت کے پہلے فلور پر ہوا اور عمارت کے نیچے ایک نجی بینک بھی واقع ہے جب کہ دھماکے کے نتیجے میں بلڈنگ کا یک حصہ گرنے سے نیچے کھڑی گاڑیاں بھی ملبے میں دب گئیں۔اطلاع ملنے پر رینجرز ،پو لیس اور ریسکیو ادارے کا عملےنے جاءے وقوعہ پرپہنچ کر امداد کا م شروع کردیا ، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیاگیا پولیس اور رینجرز نے علاقہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا تھا،زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کےلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا،جاں بحق ہونے والوں میں 35سالہ یاسر ولد محمد صدیق،35سالہ خالد ولد سلطان ،30سالہ عامرولد عبدالمجید ،45سالہ عابدولداحمد علی اور ایک نامعلوم سکیورٹی گارڈ شامل ہے۔ جبکہ نجی اسپتال میں17 ، عباسی اسپتال میں5 ، جناح اسپتال میں3 اور سول اسپتال برنس سینٹر ایک زخمی زیر علاج ہے جبکہ 3 لاشیں عباسی شہید اسپتال میں منتقل کی گئیں۔ بم ڈسپوزل یونٹ کی رپورٹ کے مطابق دھما کا قدرتی گیس کا ہے، جائے دھماکا سے کسی قسم کے بارودی مواد کے شواہد نہیں ملے، جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم نےمتاثرہ عمارت کادور ہ کیا، ان کا کہنا ہے کہ عمارت کی پہلی منزل کے فلیٹ کاگیس کا کنکشن کٹاہواہے، عمارت کی دوسری،تیسری اورچوتھی منزل کے کنکشن ہیں۔