• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا،یواے ای میں انٹیلی جنس سکیورٹی سمیت آٹھ شعبوں میں شراکت داری معاہدہ

ابوظبی (این این آئی)امریکا اور متحدہ عرب امارات نے تزویراتی ڈائیلاگ اور آٹھ شعبوں میں شراکت داری کے فروغ کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دست خط کردیئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس سمجھوتے پر یو اے ای میں متعین امریکی سفیر جان راکولٹا جونیئر اور امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے دستخط کیے ۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ اس سمجھوتے کے تحت سیاست ،واقعات ، قانون کے نفاذ اور بارڈر سکیورٹی،انٹیلی جنس اور انسداد دہشت گردی، انسانی حقوق ، اقتصادیات، ثقافت ،اکیڈیمکس اور خلا میں شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔امریکا کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری ٹموتھی لنڈر کنگ کا کہنا تھا کہ ایم او یو (مفاہمت کی یادداشت)کے تحت ہم متحدہ عرب امارات اور امریکا کے درمیان کھلے ،تعمیری رابطے اور تعاون کے لیے تزویراتی ڈائیلاگ کا فورم قائم کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے مستحکم اور خوش حال مشرقِ اوسط کے لیے ایک مشترکہ وژن کو بھی تسلیم کیا گیا ہے۔اس سمجھوتے پر دست خط سے امریکا اور یو اے ای کے درمیان پہلا ورچوئل تزویراتی ڈائیلاگ بھی مکمل ہوگیا ہے۔اس سے چندے قبل ہی یو اے ای کے حکام نے تل ابیب میں بن گورین کے ہوائی اڈے پر اسرائیل کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے چار سمجھوتوں پر دست خط کیے ۔ان کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا اور اس کا تحفظ کیا جائیگا۔سائنس، ایجادات اور شہری ہوابازی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کیا جائے گا اور ایک دوسرے کے شہریوں کو ویزوں سے استثنیٰ دیا جائے گا۔
تازہ ترین