• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرحد چیمبر کا حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کو ٹیکسوں سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ

پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے صوبائی حکومت سے ڈبل ٹیکسیشن کے خاتمہ اور حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کو ٹیکسوں سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے موجودہ ٹیکس گزاروں پر اضافی ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کی بجائے نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ پراپرٹی ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں کی شرح میں کمی لائی جائے اور ٹیکس اصلاحات کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کی بہتری اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اس لئے انہیں سہولیات اور مراعات دی جائیں اور ایسی پالیسیاں تشکیل دی جائیں کہ جس سے تاجر برادری اور حکومتی اداروں میں خلیج پیدانہ ہو۔یہ مطالبات انہوں نے گذشتہ روز وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید غازی غزن جمال سے ملا قات کے دوران کیا۔ اس موقع پر غازی غزن جمال نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کا صوبائی ریونیو بڑھانے میں کلیدی کردار ہے اور حکومت ان کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کرر ہی ہے۔ حکومت ٹیکس اصلاحات کے ذریعے ڈبل ٹیکسیشن کے خاتمہ اور نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی حکمت عملی وضع کرنے کے ساتھ ساتھ محکمہ ایکسائز کے 8ٹیکسوں کو کم کرکے 4ٹیکسوں تک محدود کردیا ہے۔
تازہ ترین