• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ولی شیخ کی شو کے دوران جھگڑے کی وائرل ویڈیو پر وضاحت

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستان اسٹیج آرٹسٹ اور کامیڈین اداکار ولی شیخ کی نجی ٹی وی چینل کے شو میں جھگڑے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وضاحتی بیان سامنے آگیا۔

حال ہی میں ولی شیخ کو یونس خان کی میزبانی میں ہونے والے نجی ٹی وی پروگرام میں بطور مہمان مدعو کیا گیا، جہاں مبینہ طور پر ان کی تذلیل کی گئی، جس کے بعد میزبان اور کامیڈین کے درمیان اس قدر تلخ کلامی ہوئی کہ بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔

شو کے دوران میزبان نے ولی شیخ کو مدعو کر کے ان کے انداز اور کامیڈی کا مذاق اڑایا، جس پر کامیڈین نے غصہ کیا اور سوال کیا کہ آیا انہیں صرف بےعزت کرنے کے لیے شو میں بلایا گیا ہے۔

اس پر اینکر نے کہا کہ وہ صرف ان کی عمر کا لحاظ کرتے ہوئے ان سے احترام سے بات کر رہے ہیں، جس پر ولی شیخ شدید برہم ہو گئے۔ انہوں نے میزبان کو جاہل قرار دیا، جس کے بعد معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔ شو کی ٹیم نے مداخلت کر کے دونوں کو الگ کرنے کی کوشش کی۔ بعدازاں پروگرام کی ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگئی۔

تاہم اب ولی شیخ نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میزبان پر الزام عائد کیا کہ پروگرام کے دوران جو کچھ ہوا وہ سستی شہرت کے لیے ہوا۔ انہوں نے میزبان سے معافی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے اچھے اخلاق اور باعزت رویے کے لیے پہچانا جاتا ہوں، جس کی تصدیق میرے ساتھی فنکار اور سینئرز بھی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یونس خان کو اس واقعے سے قبل کوئی جانتا بھی نہیں تھا، اس نے محض شہرت حاصل کرنے کے لیے پبلسٹی اسٹنٹ کیا ہے ۔

سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد ولی شیخ کے حق میں سامنے آ گئی ہے۔ صارفین کے مطابق جھگڑے کی ابتدا یونس خان نے کی اور وہ مسلسل شو میں ولی شیخ کی تذلیل کرتے رہے۔

بیشتر صارفین یونس خان سے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ کچھ کا خیال ہے کہ یہ جھگڑا میزبان اور کامیڈین دونوں کی جانب سے ایک پبلسٹی اسٹنٹ بھی ہو سکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید