• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل میچز کی کراچی میں میزبانی کیلئے تیار ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی منتقل ہونے والے پی ایس ایل فائیو کے باقی 4 میچز کے شایان شان منعقد کروانے کی یقین دہانی کرادی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ کراچی ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل مقابلوں کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

وزیر اعلیٰ کے ترجمان رشید چنا کے مطابق مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میچز کے انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے سندھ حکومت بھر پور اور مکمل تعاون کرے گی۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ امید ہے ان میچز کے موقع پر کورونا وائرس کی ایس او پیز پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے پہلے بھی کراچی میں کرکٹ مقابلوں کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا جبکہ آئندہ بھی انٹرنیشنل مقابلوں کی بھی بھرپور انداز میں میزبانی کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور میں اسموگ کی ممکنہ شدت کی اطلاعات پر پی سی بی نے پی ایس ایل فائیو کے باقی چار میچز کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین