• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر میں یواین کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی گئی

برسلز( نمائندہ جنگ) دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی گئی۔ یاد رہے کہ 24 اکتوبر 1945 کو اقوام متحدہ کا قیام عمل میں آیا تھا۔ 1947 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد کے ذریعے اس دن کو منانے کا فیصلہ کیا جب کہ 1971 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ایک اور قرارداد نمبر 2782 کے ذریعے مطالبہ رکھا گیا کہ اس دن کو اقوام متحدہ کے تمام ممبر ممالک منائیں اور اس دن عوامی چھٹی کی جائے۔ علاوہ ازیں یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے اقوام متحدہ کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم ایسے لمحے کا جشن مناتے ہیں جس نے تاریخ کا رخ موڑ دیا اور عالمی طاقتوں نے 1945 میں مل کر امن کے لئے کام کرنے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یورپین یونین اور اقوام متحدہ قدرتی شراکت دار ہیں ۔ ہم کئی دہائیوں سے امن ،ڈائیلاگ اور مختلف معاملات میں تعاون کرتے ہوئے مل کر کام کرہے ہیں ۔ ہم سب مل کر انسانی حقوق، قانون کی حکمرانی، پائیدار ترقی، صحت اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں ۔ہم مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کی حمایت کرتے ہیں جو فوجی اور سویلین مشنز کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے اور یہ کام اس وقت کیا جاتا ہے جب دوسرے منہ موڑ کر چلے جاتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ اگر ہمت اور دانشمندی کے ساتھ مل کر کام کریں تو ہم انتشار پر قابو پاسکتے ہیں ۔
تازہ ترین