• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اویس نورانی کے باغیانہ بیان سے انکے والد کی بھی روح تڑپ اٹھی ہو گی، ادارے فوری کارروائی کریں، صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر

اوکاڑہ(نمائندہ جنگ)ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے سربراہ صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ اویس نورانی نے کوئٹہ میں آزاد بلوچستان کی جو باغیانہ بات کی ہے اس پر اداروں کو فوری نوٹس لے کر کارروائی کرنا چاہیے،اویس نورانی کی اس بات سے ان کے والدمولانا شاہ احمد نورانی اور جے یو پی کے ان اکابرین کی روح تڑپ اٹھی ہو گی جنہوں نے پاکستان بنایا تھا، ”جنگ“ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ آزاد بلوچستان کا نعرہ کھلی بغاوت ہے،جے یو پی کا اس سے کوئی تعلق نہیں،مولانا شاہ احمد نورانی کی حقیقی جے یو پی وہ ہے جو میری قیادت میں کام کر رہی ہے،ہم اویس نورانی کی اس بات کی شدید مذمت کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگر ایسے خیالات رکھنے والے لوگوں کے گرد قانون کاشکنجہ کسا ہوتا تو آج اس طرح کی باتیں کھلے عام نہ ہوتیں، پاک فوج سمیت اداروں کے خلاف زبان درازی کر نے والوں کے خلاف بھی فوری کارروائی ہونا چاہیے،صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے کہا اویس نورانی کے والد مرحوم مولانا شاہ احمد نورانی کو سیاست میں وفاق کی علامت سمجھا جاتا تھا، اویس نورانی جعلی جے یو پی بنا کر ایسی باغیانہ باتیں کر رہے ہیں۔

تازہ ترین