وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ مکس اچار پارٹی ایک سرکس کی طرح عوام کو محظوظ کرنے میں مصروف ہے۔
پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہر جلسے میں حواس باختہ قائدین کے ہوشربا انکشافات سے پاکستانی عوام محظوظ ہورہے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ نواز شریف اپنے خاندان، کرپشن کے کھربوں ڈالرز اور 100 سوٹ کیسوں سمیت لاپتہ ہیں، سیاست میں چور دروازے سے داخل نواز شریف، آج جمہوریت کے ٹھیکیدار بنے بیٹھے ہیں۔
فیاض چوہان نے کہا کہ بلاول زرداری نے عمران خان پر بلوچستان کے جزائر پر قبضہ کرنے کا مضحکہ خیز بیان داغا، سندھ کے وڈیروں کو شاید ہر دوسرا حکمران قبضہ مافیا ہی لگتا ہے۔
اُن کا مزید کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے قائدین کے ملک دوستی کے ڈرامے کا ڈراپ سین نزدیک آرہا ہے، بلوچستان کی آزادی کی بات کوئی محب وطن پاکستانی سیاستدان نہیں کرسکتا۔