• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

12 ربیع الاوّل کی سیکیورٹی سے متعلق ڈی جی رینجرز کی سربراہی میں اہم اجلاس


ڈی جی رینجرز سندھ کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے، کسی بھی قسم کی مذہبی منافرت اور شدت پسندی پھیلانے والے عناصر پر کڑی نظر رکھنے کے حوالے سے حکمتِ عملی کا ازسرِنو جائزہ لیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری کی زیرِ صدارت 12 ربیع الاوّل کی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں کمشنر کراچی، پولیس، آئی بی، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران 12ربیع الاوّل کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشتگردی سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے دیے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔

ترجمان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی شرپسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوشگوار واقعہ کی فوری اطلاع رینجرز کو دی جائے۔

تازہ ترین