• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانسیسی صدرکومسلمانوں سے بغض ہے،عبدالاعلیٰ درانی

بریڈفورڈ(پ ر)مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے سیکرٹری اطلاعات مولاناحافظ عبدالاعلی درانی نے کہا کہفرانس کے صدر نے کائنات کی سب سے محترم ہستی خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں توہین آمیز خاکوں کو جاری رکھنے کے ریمارکس دے کرامت مسلمہ کے حوالے اپنے بغض کااظہارکردیاہے جس کے خلاف پوراعالم اسلام احتجاج کیلئے کھڑا ہوچکا ہے۔ فرانسیسی مصنوعات کابائیکاٹ بھی شروع ہوچکا ہے ۔رسول معظم ﷺ نے دنیا کوبڑے چھوٹے کا احترام کرنا سکھایاانسانیت کی اعلیٰ اقدار سے لوگوں کوروشناس کرایا،عدل و مساوات کا سبق بھی دیااور عملی مظاہرہ کرکے بھی دکھایااگر فرانسیسی صدر سیرت سید المرسلین کابراہ راست مطالعہ کرتے تووہ جان جاتے کہ کائنات میں صرف ایک ہی ہستی ہے جس نے انسانیت کو عملی تعبیر بخشی، آج پوری دنیا ان کے احسانوں تلے دبی ہوئی ہے، دنیا میں رسول رحمتﷺ سے زیادہ اثرپذیر کوئی لیڈر نہیں گزرا،یہی وجہ ہے کہ ناموس رسالت پر مٹناصرف اور صرف امت اسلام کاجذبہ ہے ۔ مولاناعبدالاعلی نے کہاعرصہ دراز سے اہانت رسالت کاقبیح ترین جرم سرزد ہورہاہے اور دنیا میں انسانیت کاڈھنڈورا پیٹنے والے لوگ اور ادارے 1.9بلین مسلمانوں کو جو پوری دنیا کی آبادی کاچوتھائی24.5% حصہ ہیں ان کے دل دکھانے میں کیوں لذت حاصل کرتے ہیں، وہ لوگ نہ صرف خاموش ہیں بلکہ کائنات کی سب سے محترم ہستی کی توہین کرنے میں مختلف پہلوؤں سے ملوث ہیں جو بڑی شرمناک بات ہے، بالخصوص فرانس کے صدر نے حالیہ بیان دےکر ذلت و پستی کی سب حدیں پارکردی ہیں جس سے دنیا کے تمام مسلمان اور دوسرے مذاہب کے حساس لوگوں کے دل بھی بری طرح مجروح ہوئے ہیں، یوں تو اہانت رسالت کا جرم کائنات کارب برادشت ہی نہیں کرسکتاقرآن کریم میں سورۃ اللہب اس بات کی دلیل ہے تاہم تحقیق و توبہ کا موقع مل جانا اللہ کی طرف سے ایک چانس ہے جس کا فائدہ اس قسم کے بے لگام لوگوں کو اٹھانا چاہئے اوردامن رحمت میں آجانا چاہئے ، انہوں نے کہاامت اسلام تین طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کروا سکتی ہے فرانسیسی پروڈکٹس کا بائیکاٹ کرکے ، صدر فرانس کوبذریعہ خطوط مسلمانوں کئے جذبات سے آگاہ کرکے ،عربی واسلامی مقتدر ادارے کانفرنس طلب کرکے اقوام متحدہ کواہانت رسالت سے روکنے کے لیے قانون پاس کروائیں کیونکہ یہ عربی و عجمی غریب و امیر کا مسئلہ نہیں ساری امت کا مشترکہ مسئلہ ہے ، اور سیرت رسول محتشمﷺ پر انگریزی و فرنچ زبانوںمیں وسیع پیمانے پرلٹریچر مہیا کریں تاکہ نبی رحمت کاصحیح پیغام متلاشیان حق تک پہنچ پائے کیونکہ سیرت النبیﷺ کو براہ راست سمجھے بغیر آنحضورﷺ کا مشن لوگوں کے سامنے نہیں آسکتا ۔مولاناعبدالاعلی نے کہادنیاکوعلم ہونا چاہئے کہ محمد کریمﷺ سے پہلے دنیا کومعلوم ہی نہ تھا کہ انبیاء کیاہوتے ہیں اوران سب کاادب واحترام کیوں ضروری اوراس کی حدود کیاہیں جس سے آسمانی مذاہب کی عزت و توقیر میں بھی اضافہ ہوا ہے اب کسی انسان کے انبیاء سابقین کی توہین کرنے کی سوچ کی بھی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی۔مولاناعبدالاعلی نے بتایاکہ اس سلسلہ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے فرانس کی حکومت کوبذریعہ خطوط امت اسلام کے جذبات سے آگاہ بھی کرے گی اور اسے اسلام و پیغمبر اسلام کی سیرت طیبہ کامطالعہ کرنے کی دعوت بھی دے گی۔
تازہ ترین