کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علماء اسلام ( س) کے رہنمائوں نے کہاہے کہ دینی مدارس پر حملہ پاکستانی سالمیت پر حملہ ہے۔فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار جمعیت (س) کے صوبائی قائم مقام امیر مولانا مفتی عبدالواحد بازئی،ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا ندا محمد حقانی،ضلعی سینئر نائب امیر قاری نعیم اللہ جلالی،حاجی حضرت اللہ اورسردار ولی بادیزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مفتی عبدالواحد بازئی نے کہا کہ کافی عرصے سے امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی تھی لیکن ایک بار پھر دینی مدارس اور جید علماء کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو باعث تشویش عمل ہے گزشتہ روز پشاور میں ایک مسجد اور معصوم طلباء پر حملہ پا کستان کی سالمیت پر حملہ ہے ۔واقعہ میں میں ملوث عناصر اسلام وملک کے دشمن ہیں ان کو قرارواقعی سزا دی جائے ا نہوں نے مزید کہا کہ آئے روز مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ کھیلا جارہا ہے لہٰذا فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے انہوں نے کہا کہ جمعیت(س) پاکستان میں ایک بار پھر فعال و مستحکم ہورہی ہے۔