• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوم پوری کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا

سال 2017 میں اس دُنیا سے کوچ کر جانے والے بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار اوم پوری کو انڈیا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیجنڈری اداکار اوم پوری کو اس سال بوسٹن کے تیسرے انڈیا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا جو اُن کی اہلیہ نندیتا پوری نے وصول کیا جبکہ کورونا وائرس کے باعث اس فلمی میلے کی ورچوئل تقریب بوسٹن میں منعقد کی گئی۔

اگر ہم اوم پوری کے فلمی کیرئیر پر نظر ڈالیں تو سن1976ء میں فلمی کیرئیر کا آغاز کرنے والے اوم پوری نے 260 سے زائد فلموں میں اپنی شاندار کارکردگی کے جوہر دکھائے۔ہندی اور دوسری زبانوں والی فلموں کے علاوہ سات سے زائد انگریزی فلموں میں بھی کام کیا جن میں گاندھی ، سٹی آف جوائے، دی پیرول آفیسر، ہیپی ناؤ، دی زو کیپر، گھوسٹ اینڈ ڈارکنس اور گاندھی وغیرہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے ایسٹ از ایسٹ، وائٹ ٹیتھ،اور کنٹربری ٹیل جیسے انگریزی ٹی وی سیریلز میں بھی نمایاں اداکار کے طور پر کام کیا۔

آرٹ فلموں سمیت کمرشل سینما میں لیجنڈ کا درجہ رکھنے والے اوم پوری بھارت کے چوتھے بڑے ایوارڈ پدما شری سمیت متعدد اعزازات اپنے نام کر چکے ہیں۔

18 اکتوبر 1950 کو پیدا ہونے والے اداکار اوم پوری 6 جنوری2017 کو اپنے لاتعداد چاہنے والوں کو سوگوار چھوڑ کر اس دنیا سے رخصت ہو گئے تاہم ان کی یادیں آج بھی لوگوں کے دِلوں میں زندہ ہیں۔

تازہ ترین