• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفتی عبدﷲ حملہ، ملزم کا ایس ایچ او کے پی ٹی سے رابطہ ہونے کا انکشاف

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جمشید کواٹرز کے علاقے میں ہفتہ کی شب مفتی عبدﷲ پر قاتلانہ حملے کےزیرحراست میں ملزم کا فون ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔

ملزم کے موبائل ریکارڈ کے مطابق ایس ایچ او کے پی ٹی ظفر اقبال اور ملزم کے درمیان ہفتہ کو دو بار رابطہ ہوا۔تفتیشی حکام کے مطابق اس بات کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ ملزم کا ایس ایچ او سے رابطہ کیوں تھا۔

ملزم سے سی ٹی ڈی میں تفتیش کی جا رہی ہے۔ جمشید روڈ پر فائرنگ سے مولانا عبداللہ کے زخمی ہونے کا واقعہ میں ملوث ملزم مدثر سے ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ملزم مدثر ماضی میں 3 سال جیل کاٹ چکا ہے، ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔ملزم کے ایک رشتہ دار کا زخمی مولانا عبدللہ سے لین دین کا تنازع تھا،ملزم نے ممکنہ طور پر لین دین کے تنازع پر مولانا کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کی،ملزم نے اپنے ساتھیوں کے نام بھی بتائے ہیں،ملزم کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزم کے موبائل سے ایس ایچ او ظفر اقبال کا نمبر ملنے کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔ایس ایچ او ممکنہ طور پر ملزم کو گینگ وار کی وجہ سے جانتا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم سے انفارمر کے طور پر کام لیا جاتا رہا ہے،ملزم دوران تفتیش اپنے بیانات بدلتا رہا اور واقعہ کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کرتا رہا،دوسری جانب واقعہ میں استعمال ہونے والے اسلحے کی فارنزک رپورٹ بھی سامنے آ گئی۔

رپورٹ کے مطابق اسلحہ پہلے کسی واردات میں استعمال نہیں ہوا۔

تازہ ترین