• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاک بسٹر ڈرامے ’عہد وفا‘ میں دلچسپ کردار ادا کرنے والی پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو بتا دیا کہ اُن کی پہلی محبت کون ہیں۔

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ زارا نور عباس نےبالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی ایک فوٹو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے پیلے رنگ کی جیکٹ زیب تن کی ہوئی ہے، شاہ رخ خان کی یہ فوٹو اُن کی مقبول ترین فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے ایک سین کی ہے۔


انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر کے ساتھ کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ شاہ رخ خان ہمیشہ سے میرا پہلا پیار ہیں، اس کے بعد انہوں نے کنگ خان کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’سالگرہ مبارک ہو راہول (فلم کچھ کچھ ہوتا ہے میں اُن کا نام تھا)۔‘

اداکارہ نے ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’کچھ کچھ ہوتا ہے تم نہیں سمجھوگے۔‘ انہوں نے اپنی اس پوسٹ میں شاہ رخ خان کو ٹیگ بھی کیا ہے۔

زارا نور عباس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ پوسٹ 14 گھنٹے قبل شیئر کی تھی جسے اب تک تقریباً 95 ہزار مداح لائیک کرچکے ہیں جبکہ اُن کی اس پوسٹ پر تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ایک صارف نے اُن کی اس پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’شاہ رخ خان سب کی پہلی محبت ہیں۔ ‘

واضح رہے کہ بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں اپنی 55 ویں سالگرہ منارہے تھے، وہ آج کل اپنی فیملی کے ہمراہ وہیں مقیم ہیں۔

سپر اسٹار شاہ رخ خان نے1980میں ٹی وی انڈسٹری سے آغاز کیا اور 1992میں فلم ’دیوانا‘ میں پہلی بار کام کیا جس کے بعد انہوں نے ایک نہیں کئی نہیں بلکہ سیکڑوں سپرہٹ فلمیں کر کے بالی ووڈ سمیت دنیا بھر میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔

دنیا بھر میں شاہ رخ خان اپنے اصل نام کے علاوہ ’بالی ووڈ بادشاہ‘ ’کنگ خان‘ اور ’ایس آر کے‘ کے نام سے بھی پہچانے اور پکارے جاتے ہیں۔

شاہ رخ خان کی سپرہٹ فلموں کی لسٹ کافی طویل ہے جس کی وجہ سے کنگ خان کئی ایوارڈز بھی حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی جو فلمیں دنیا بھر میں پسند کی گئیں اُن میں ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے، کل ہو نا ہو، کچھ کچھ ہوتا ہے،رئیس، ڈان، پردیس‘ اور دیگر شامل ہیں۔

آن اسکرین جوڑی کے حوالے سے شاہ رخ خان کے ساتھ ان کے مداح اداکارہ کاجول کو بےحد پسند کرتے ہیں۔

شاہ رخ خان جلد ہی اپنی نئی فلم پٹھان میں ایکشن میں نظر آئیں گے جس میں اداکار جان ابراہم اور اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین