• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان کے گھر کے باہر گھنٹوں کھڑے رہنا میرے لیے اعزاز ہے، راج کمار راؤ

ابھرتے ہوئے بالی وڈ اداکار راج کمار راؤ کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی فلم اسٹار شاہ رخ خان کے گھر کے باہر گھنٹوں کھڑے رہ کر اُ ن سے ملنے کا انتظار کرتے تھے اور یہ اُن کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی 55ویں سالگرہ کے موقع پر راج کمار راؤ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اداکار کے ہمراہ ماضی کی ایک یادگار بوم رینگ ویڈیو شیئر کی ہے جو ایک بھارتی ایوارڈ شو کی ہے۔

راج کمار راؤ کی جانب سے شیئر کی جانے والی بوم رینگ ویڈیو میں وہ بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ ڈانس کرتے نظر آرہے ہیں۔

بالی وڈ اداکار نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں شاہ رخ خان کو 55ویں سالگرہ کی مبارکباد دی اور ماضی کے قیمتی لمحات کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’اسکول فنکشنز میں آپ کے گانوں پر ڈانس کرنا، آپ سے ملاقات کرنے کے لیے گھنٹوں آپ کے گھر کے باہر کھڑے ہوکر انتظار کرنا اور ایوارڈ شو میں اسٹیج پر آپ سے  گفتگو کرتے ہوئے ڈانس کرنا میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔‘

راج کمار راؤ نے لکھا کہ ’آ پ مجھے بہت عزیز ہیں، میں ہمیشہ آپ کی خوشی، کامیابی اور تندرستی کےلیے دُعا کرتا ہوں۔‘

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے شاہ رخ خان آج 55 سال کے ہوگئے ہیں، شاہ رخ خان نے 1980میں ٹی وی انڈسٹری سے آغاز کیا اور 1992  میں فلم ’دیوانا‘ میں پہلی بار کام کیا جس کے بعد انہوں نے ایک نہیں کئی نہیں بلکہ سیکڑوں سپرہٹ فلمیں کر کے بالی وڈ سمیت دنیا بھر میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی۔

شاہ رخ خان کی سپرہٹ فلموں کی لسٹ کافی طویل ہے جس کی وجہ سے کنگ خان کئی ایوارڈز بھی حاصل کرچکے ہیں۔ ان کی جو فلمیں دنیا بھر میں پسند کی گئیں ان میں ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘، ’کل ہو نا ہو‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’رئیس‘ اور دیگر شامل ہیں۔

تازہ ترین