پنجاب کابینہ میں رد و بدل کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری رہا، صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کو جیل خانہ جات کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز فیاض الحسن چوہان کو ایک بار پھر صوبائی وزیر اطلاعات کے عہدے سے ہٹادیا گیا تھا، تاہم وزیر کالونیز کا قلمدان بدستور اُن کے پاس ہے۔
صوبائی کابینہ میں گزشتہ روز وزیر امداد باہمی مہر محمد اسلم اور وزیر جیل خانہ جات زوار حسین وڑائچ فارغ کیے تھے جبکہ معاون خصوصی ٹرانسپورٹ جاوید اختر کی جگہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعلیٰ پنجاب کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا اور انہیں صوبائی وزارت اطلاعات کا قلمدان تفویض کردیا گیا ہے۔
آج فیاض الحسن چوہان کو زوار حسین وڑائچ سے لی گئی وزارت سونپ دی گئی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں فیاج الحسن چوہان نے صحافیوں سے گفتگو میں خود سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لیے جانے کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔ تاہم آج اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ ’جو ہوتا ہےاچھے کے لیے ہوتا ہے، یہ ہم سب کا اللّٰہ پر ایمان ہے۔‘