ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) سربراہی اجلاس میں تمام ممالک نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اقتصادی تعاون تنظیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم ہمسائیگی اور سفارتکاری کے حوالے سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے ای سی او کے حوالے سے مزید کہا کہ ایک ساتھ مل کر تجارت، ڈیجیٹل اینوویشن، سیاحت، ٹرانزٹ کے معاملات میں کافی کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایرانی سرزمین پر وسیع پیمانے پر 12 دن تک جاری رہنے والے حملوں میں جوہری تنصیبات کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، ان حملوں میں ہمارے 900 سے زائد شہری شہید ہوئے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے جب اسرائیلی حملوں کی مذمت کی گئی تو ہمیں تنظیم میں شامل ممالک کی ٹھوس حمایت ملی۔