• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاوید اختر نے کنگنا کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فلمی صنعت سے وابستہ مصنف اور شاعر جاوید اختر نے ممبئی میں اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ جاوید اختر نے مغربی ممبئی کے علاقے اندھیری میں میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں دائر مقدمے میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ کنگنا راناوت نے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت پر میڈیا کو دیے گئے بیانات اور تبصروں میں بے بنیاد تبصرے کیے جس سے ان کے وقار کو نقصان پہنچا ہے۔اپنے خلاف الزامات عائد کیے جانے پر جاوید اختر نے تعزیرات ہند کے تحت کنگنا رناوت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔جاوید اختر کا کہنا ہے کہ کنگنا رناوت نے بے بنیاد تبصروں میں ان کا خواہ مخواہ ذکر کیا۔ جو ان کی بدنامی کا سبب اور شہرت کے لیے نقصان کا باعث ہے۔کنگنا رناوت اقربا پروری اور شفافیت کے فقدان پر بالی وڈ کے فنکاروں پر تنقید کرتی رہی ہیں۔ 14جون میں سوشانت سنگھ راجپوت کے ممبئی میں اپنے گھر میں مردہ پائے جانے کے بعد کنگنا رناوت نے دو منٹ دورانیے کی ویڈیو جاری بھی کی تھی جس میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ وہ فلمی صنعت میں اقربا پروری کا شکار ہیں۔ممبئی پولیس نے ایک اور مقدمے میں بدھ کو مختلف مذاہب کے درمیان نفرت انگیز تبصروں کو بڑھاوا دینے کے معاملے میں کنگنا رناوت اور ان کی بہن رنگولی چاندیل کو10اور 11 نومبر کو پیش ہونے کا نوٹس بھی جاری کیا ہے۔

تازہ ترین