• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کا جلسہ بتادیگا کراچی سیاست کو بھی لیڈ کرتا ہے، مصطفیٰ کمال

آج کا جلسہ بتادیگا کراچی سیاست کو بھی لیڈ کرتا ہے، مصطفیٰ کمال


کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئر مین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ باغِ جناح کا تاریخی جلسہ دنیا کو بتا دے گا کراچی پاکستان کی معیشت کو ہی نہیں بلکہ سیاست کو بھی لیڈ کرتا ہے، پاک سر زمین پارٹی تنہا اسی باغِ جناح میں تاریخی جلسہ کرے گی جہاں 11 سیاسی جماعتوں نے مل کر جلسہ کرنے کی ناکام کوشش کی تھی اور عوام سے جھوٹ بولا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے باغِ جناح میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی سمیت دیگر مرکزی زمہ داران بھی موجود تھے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ آج پاک سر زمین پارٹی حکمرانوں اور پی ڈی ایم کے جھوٹ کا پردہ چاک کرئے گی۔ کراچی اور سندھ تباہی کے زمہ داروں کا آج یوم احتساب ہے۔ کراچی میں بارش کے بعد کیمرے لگا کر 1100 ارب کا لولی پاپ دیا گیا، جسکا دور دور تک کچھ آتا پتہ نہیں۔ کراچی پونے تین ہزار ارب دیتا ہے، کراچی کو خیراتی پیکیج نہیں اسکا حق چاہیئے، حقیقت تو یہ ہے کہ کراچی پاکستان کو پیکج دیتا ہے پاکستان کوئی نہیں چلارہا۔ ملک آٹو پر چل رہا ہے، ملک میں عوام کے نام پر پوائنٹ اسکورنگ کی جا رہی ہے۔حکومت کی ساری توانائی حکومت بچانے میں اور اپوزیشن حکومت کو گرانے میں لگی ہے، ان دونوں کی نورا کشتی میں عوام پس رہے ہیں، حکمرانوں اور اپوزیشن نے عوام کو مایوس کر دیا ہے، جتنی مایوسی آج ہے، اتنی پاکستان میں پہلے کبھی نہیں تھی۔

تازہ ترین