• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی ایمن خان اور منیب بٹ چھٹیاں گُزارنے کے لیے پاکستان کے دوست ملک ترکی روانہ گئے۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر معروف اداکار منیب بٹ نے اپنی اور اہلیہ ایمن خان کی ترکی روانگی کی تصویر پوسٹ کی ہے جس میں یہ مشہور جوڑی پرواز میں موجود ہے۔


منیب بٹ کی جانب سے پوسٹ کی گئی تصویر میں اُنہوں نے سیاہ رنگ کی ٹی شرٹ اور جینز زیب تن کی ہوئی ہے جبکہ ایمن خان گِرے ٹی شرٹ اور جینز میں ملبوس ہیں۔

اداکار نے مداحوں کو اپنے دورے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’ہم ایک طویل عرصے کے بعد چھٹیاں گُزارنے جا رہے ہیں۔‘

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ہیش ٹیگ ترکی بھی استعمال کیا جس سے واضح ہوگیا ہے کہ شوبز انڈسٹری کی یہ جوڑی سیر سپاٹے کرنے کے لیے پاکستان کے دوست ملک ترکی جا رہی ہے۔

دوسری جانب ایمن خان نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر منیب بٹ کے ہمراہ پرواز کی وہی تصویر پوسٹ کی ہے۔


ایمن خان نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں صرف ہیش ٹیگ VacationMode استعمال کیا۔

اداکارہ نے صرف تین گھنٹے قبل ہی انسٹاگرام پر یہ تصویر پوسٹ کی ہے جسے اب تک 64 ہزار سے زائد صارفین لائک کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ایمن خان اور منیب بٹ سال 2018ء میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جبکہ گزشتہ سال اُن کے ہاں امل کی پیدائش ہوئی تھی۔

ایمن خان اور منیب بٹ کی بیٹی امل رواں سال 30 اگست کو ایک برس کی ہوئی تھیں۔

خیال رہے کہ رواں سال پاکستان کے نامور فنکاروں نے سیر و تفریح  کے لیے تُرکی کا رُخ کیا ہے، اُن فنکاروں میں عدنان صدیقی، کنزہ ہاشمی، ایمان علی، سعدیہ خان، شنیرا اور وسیم اکرم سمیت دیگر شامل ہیں۔

تازہ ترین