عالمی سطح پر تعمیرات کی صنعت میں تھری ڈی پرنٹنگ کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ اس کی تازہ مثال بیلجیم میں تعمیر ہونے والی دو منزلہ عمارت ہے، جو ویسٹرلو کے علاقے میں واقع ہے۔ یہ پورے یورپ میں تھری ڈی پرنٹنگ کی مددسے تعمیر کی جانے والی سب سے بڑی عمارت ہے۔
آٹھ میٹر اونچی اس عمارت کا زمینی رقبہ 90مربع میٹر ہے، جوکہ اس خطے میں تعمیر شدہ اوسط گھروں کے رقبہ کے مساوی ہے۔
اس عمارت کو کامپ سی نامی ادارے نے تیار کیا ہے، جس کے پروجیکٹ منیجر ایمیل ایسیونے کہتے ہیں، ’’اس عمارت کو جو چیز منفرد بناتی ہے، وہ یہ ہے کہ ہم نے اسے ایک فکسڈ تھری ڈی کنکریٹ پرنٹر کے ساتھ چھاپا ہے۔ دوسرے مکانات، جو دنیا کے دیگر حصوں میں تھری ڈی پرنٹ کرکے بنائے گئے تھے، ان کی صرف ایک منزل ہے۔ بہت سی عمارتوں کے مختلف حصوں کو فیکٹری میں چھاپا گیا تھا ، جس کے بعد انھیں سائٹ پر لاکر نصب کیا گیا تھا۔ تاہم ، ہم نے ، پوری عمارت کو سائٹ پر ہی پرنٹ کیا ہے‘‘۔
یہ گھر ای آر ڈی ایف (یوروپین ریجنل ڈیویلپمنٹ فنڈ) کی مالی اعانت کے ساتھ یورپ کےایک منصوبے C3PO کے حصے کے طور پر تھری ڈی پرنٹ کیا گیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ منصوبے کے شراکت دار عمارت سازی کی تکنیک کے طور پر، تعمیراتی صنعت میں تھری ڈی کنکریٹ پرنٹنگ کے استعمال میں دلچسپی بڑھنے کی امید رکھتے ہیں۔
کامپ سی کے صدر اور ہاؤسنگ کی صوبائی نائب کیتھلین ہیلسین کہتی ہیں کہ تعمیراتی صنعت نے اس تکنیک میں زبردست دلچسپی ظاہر کی ہے، ’’دنیا بھر میں تعمیراتی صنعت میں تھری ڈی پرنٹنگ کا کردار بڑھ رہا ہے۔ عارضی رہائش اور یہاں تک کہ مکمل اپارٹمنٹس کی پرنٹنگ سمیت متعدد امکانات پہلے ہی نافذ کیے جارہے ہیں ، لیکن ہمارے یہاں یہ ٹیکنالوجی ابھی بھی منفرد سمجھی جاتی ہے۔ تعمیراتی صنعت کو بیک وقت کئی بے مثال چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہمیں تعمیرات میں مٹیریل اور توانائی کے استعمال کو کم کرنا چاہیے تاکہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج اور فضلے کے بہاؤ کو کم کریں۔ اس کے علاوہ ، اعلیٰ معیار اور سستے مکانات کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے ، وغیرہ‘‘۔
وہ مزید کہتی ہیں، ’’ہماری کامپ سی کی ٹیم سمجھتی ہے کہ نئی ٹیکنالوجی ، جیسے تھری ڈی کنکریٹ پرنٹنگ ، اس مسئلے کا حل فراہم کرسکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے اپنی سائٹ پر یہ انوکھی لوکیشن قائم کی ہے، جہاں تعمیراتی کمپنیاں تحقیقی اور تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر تھری ڈی پرنٹنگ کے ساتھ تجربات کرسکتی ہیں‘‘۔
تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سے پرنٹ شدہ مکان، اینٹوں کی مدد سے تیز تر عمارت سازی والی تکنیک سے بنے مکان سے تین گنا زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔ کامپ سی کے پروجیکٹ منیجر ماریجکے ایرٹز کہتے ہیں، ’’ تھری ڈی مواد کی دباؤ برداشت کرنے کی قوت روایتی عمارت کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔ یہ پہلا مکان ایک امتحان ہے جس کو دیکھ کر محققین اب جانچ کریں گے کہ آیا وقت کے ساتھ ساتھ یہ عمارت اس قوت کو برقرار رکھے گی یا نہیں‘‘۔
کنکریٹ میں موجود فائبر کے علاوہ، استعمال شدہ تاروں کی جالی کی مقدار انتہائی محدود ہے۔ تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کے نتیجے میں ، روایتی تعمیرات میں استعمال ہونے والے کنکریٹ کو سنبھالنے کے لیے لکڑی کے عارضی ڈھانچے بنانے کی ضرورت باقی نہیں رہتی، جس کے نتیجے میں مواد، وقت اور بجٹ پر تخمینی اخراجات میں ساٹھ فیصد کی بچت ہوتی ہے۔ اگر آپ سارے دن شامل کرتے ہیں تو ، کامپ سی میں مکان پرنٹ کرنے میں صرف تین ہفتے لگے۔مستقبل میں، ایک پورا مکان صرف دو دن میں پرنٹ ہوسکتا ہے۔
یہ ماڈل گھر، تعمیرات کی جدید ٹیکنالوجی اور تھری ڈی پرنٹنگ کی صلاحیت کو ظاہر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ ایسیونے کہتے ہیں، ’’اس عمارت میں بڑے پیمانے پرخم دار اور مختلف قسم کی دیواریں بنائی گئی ہیں۔ اس عمارت میں ہم نے روایتی تھرمل برج کے حل بھی شامل کیے ہیں، جس کے نتیجے میںکولڈ برج کی ضرورت کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا ہے۔ نیز، ہم نے ایک ایسا گھر تیار کیا ہے، جو کم توانائی خرچ کرتا ہے، جس میں جدید دور کی تمام ضروریات کا خیال رکھا گیا ہے۔ اس میں فرش اور چھت کو گرم رکھنے کی سہولت دستیاب ہے، جبکہ سولر پینل اور گرم پمپ بھی نصب کیے گئے ہیں۔ ہم اس میں سبز چھت (گرین روف) کا اضافہ بھی کریں گے‘‘۔
جب اس عمارت کی تعمیر کا آغاز کیا گیا تو کامپ سی کی ٹیم کو اندازہ نہیں تھا کہ عمارت کا استعمال کیا ہوگا۔ ان کا مقصد ایک جدید گھر کے اوسط رقبہ کے مساوی ایک فلور ایریا، اونچائی اور شکل کو پرنٹ کرنا تھا۔ وہ چاہتے تھے کہ سرکلر بلڈنگ کے اصول کے تحت ایک ایسی تھری ڈی پرنٹڈ ماڈل عمارت بنائی جائے، جسے ایک گھر، میٹنگ اسپیس، ایک دفتر یا ایک نمائشی مقام کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔