فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے، متعدد افسران کا تبادلہ کر دیا گیا۔
اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق گریڈ 20 سے 22 تک کے 20 افسروں کا تبادلہ کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تبدیل ہونے والے افسران کا تعلق ان لینڈ ریونیو سے ہے، گریڈ 21 کے 11 اور گریڈ 20 کے 9 افسران کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
گریڈ 21 کے تبدیل ہونے والے افسران میں تہمینہ عامر، احمد شجاع خان ، نبیلہ فاران بیگ، کرامت اللّٰہ خان، ڈاکٹر محمد سرمد، سیدہ نورین زہرہ، عابد محمود، فہیم محمد، طارق ارباب، عاصم افتخار، ظفر اقبال خان شامل ہیں۔
ان لینڈ ریونیو کے مزید 232 افسران کا تبادلہ کر دیا گیا ہے، ان افسران کا تعلق گریڈ 17 اور 18 سے ہے، افسران کا تعلق کراچی، اسلام آباد، لاہور، ساہیوال، سکھر اور راولپنڈی سے ہے۔
ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ، سیالکوٹ، پشاور، ملتان، حیدر آباد اور فیصل آباد سے بھی افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں دیگر گریڈز کے افسران کی پوسٹنگ کا عمل جاری ہے۔
ایف بی آر کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تبادلے ایف بی آر کی تنظیمی استعداد کار اور ریونیو کارکردگی بہتر بنانے کے عمل کا حصہ ہیں، ان تبادلوں کا ایک اہم مقصد افسران کو مختلف آپریشنل ماحول اور ذمے داریوں سے روشناس کرانا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ افسران کے تبادلوں سے ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی، افسران کے تبادلے ان کی سابقہ کارکردگی اور ادارے کے لیے خدمات کی بنیاد پر کیے گئے، اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے افسران کو ایسے عہدوں پر تعینات کیا گیا جہاں وہ زیادہ مؤثر ثابت ہو سکیں، تبادلوں اور تقرریوں کا مقصد بہتر قیادت، نگرانی اور فیلڈ کی سطح پر ریونیو میں اضافہ کرنا ہے۔