• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمسن لڑکیوں کو جنسی مقاصد کیلئے ورغلانے والی گزلین میکسویل ٹیکساس جیل منتقل

گزلین میکسویل : فائل فوٹو
گزلین میکسویل : فائل فوٹو 

جنسی اسکینڈل میں بدنام جیفری ایپسٹین کی دوست گزلین میکسویل کو ٹیکساس کی جیل میں منتقل کردیا گیا، میکسویل پر کمسن لڑکیوں کی جنسی مقاصد کے لیے سوداگری کرنے کا الزام ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق جیفری ایپسٹین کے ساتھ مل کر کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال کی مجرم قرار دی گئی گزلین میکسویل کو فلوریڈا کی جیل سے ٹیکساس کے فیڈرل پرزن کیمپ برائن میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

میکسویل کو 2022 میں 20 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، کیونکہ وہ جیفری ایپسٹین کے ساتھ مل کر کئی سالوں تک کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال کی مجرم پائی گئی تھی۔

وہ اب بھی اپنی سزا کے خلاف اپیلوں کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے، جن میں ایک اپیل امریکہ کی سپریم کورٹ میں بھی شامل ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق  ٹیکساس کا یہ فیڈرل پریزن کیمپ ایک کم سیکیورٹی والا ادارہ ہے، جہاں وہ قیدی رکھے جاتے ہیں جنہیں کم خطرناک، غیر پرتشدد اور فرار ہونے کے امکانات کم سمجھے جاتے ہیں۔

اس قسم کی جیلوں میں قیدیوں کو نسبتاً زیادہ آزادی حاصل ہوتی ہے اور ان کے گرد کوئی بھاری سیکیورٹی دیواریں یا باڑ نہیں ہوتیں۔

63 سالہ میکسویل پر 4 الزامات لگائے گئے تھے جو کمسنوں کو حاصل کرنے اور جنسی سوداگری کے لیے استعمال کرنے سے متعلق ہیں، الزامات میں کہا گیا تھا کہ وہ لڑکیوں کو شاپنگ کرواتی، انکے اسکول اور گھر والوں کا پوچھ کر ماضی کا اندازہ لگاتی اور سہانے سپنے دکھا کر ایپسٹین کو پیش کردیتی تھی۔

میکسویل کے دوست جیفری ایپسٹین کو 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم وہ نیو یارک کی جیل میں ایک ماہ بعد پراسرار طور پر مردہ پائے گئے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید