• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیار اور جہاد ساتھ نہیں چلتے، مذہب کو سیاست کا ہتھیار نہ بنائیں، نصرت جہاں

کولکتہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت بھر میں لو جہاد کے حوالے سے پہلے ہی بحث جاری ہے۔ کئی ریاست اس کے خلاف قانون لانے کی بات کررہی ہیں۔ اسی دوران ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ اور اداکارہ نصرت جہاں نے لو جہاد پر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران سیاسی جماعتوں پر تنقید کی۔ واضح رہے کہ مغربی بنگال کی 294 رکنی اسمبلی کے لئے آئندہ سال اپریل - مئی میں انتخابات ہونے ہیں۔ایک پریس کانفرنس کے دوران ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ نصرت جہاں نے کہا کہ’پیار بہت ہی ذاتی چیز ہوتی ہے۔ پیار اور جہاد ایک ساتھ نہیں چلتے ہیں’۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے بالکل پہلے لوگ ایسے موضوعات کے ساتھ سامنے آرہے ہیں’۔ نصرت جہاں نے کہاکہ ’یہ ایک ذاتی فیصلہ ہے کہ آپ کس کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ ایک دوسرے سے پیار کرتے ہیں’۔ لو جہاد کے خلاف بیان دینے والی سیاسی جماعتوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’مذہب کو سیاست کا ہتھیار نہ بنائیں’۔گزشتہ ہفتہ کے روز بھی ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ بی جے پی پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے لکھا تھا کہ’مغربی بنگال میں ہم سیکولر پیار کو مانتے ہیں اور اس میں کچھ غلط نہیں ہے’۔ انہوں نے کہاکہ ’پیار انفرادی ہوتا ہے اور بی جے پی کو پیار کرنا سیکھنا چاہئے’۔ انہوں نے لو جہاد پر قانون لانے کی بات پر کہا کہ بی جے پی زہر ہے’۔

تازہ ترین