• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سبسڈائز آٹے میں جوار کا آٹا مکس کرنے پر فلور مل کا کوٹہ و لائسنس معطل

پشاور( وقائع نگار) محکمہ خوراک نے سرکاری کوٹے کے تحت ملنے والے آٹے میں جوار کا آٹا مکس کرنے پر لکی سرار فلور مل کا کوٹہ و لائسنس معطل کردیا جبکہ محکمہ خوراک کے افسران نے 13 ملوں سے آٹے کے نمونے لیکر تجزیئے کیلئے لیبارٹری ارسال کردیئے ۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ سیکرٹری خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محکمہ محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسببیح اللہ نے پشاور میں قائم مختلف فلور ملوں کے دورے کئے اور گندم کی پسائی اور سرکاری کوٹے کے تحت آٹے کی ترسیل کا جائزہ لیا۔ انسپکشن کے دوران لکی سٹار فلور مل میں سرکاری کوٹے کے تحت ملنے والے آٹے میں جوار کا آٹا مکس کر کے سپلائی کیا جا رہا تھا جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فلور مل کا کوٹہ و لائسنس معطل کردیا ۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان نے محکمہ خوراک کی جانب سے کی جانیوالی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالے اور اس ضمن میں کسی کے دباؤ میں آئے بغیر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے اور کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو معیاری اور مقررہ نرخوں پر آٹے اور دیگر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں جبکہ ملاوٹ‘غیر معیاری اشیائے کی خرید و فروخت اور گرانفروشی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائیگی۔
تازہ ترین