• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان: کورونا وائرس سے ایک اور مریض کا انتقال،51 نئے مریضوں کی تشخیص

بلوچستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے اور 24 گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا ایک اور مریض انتقال کرگیا۔ گیارہ طالب علموں اور اساتذہ سمیت کورونا کے 51 نئے مریض سامنے آگئے، جن میں چالیس کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔

محکمہ صحت بلوچستان کی جاری رپورٹ کے مطابق بدھ کو صوبے میں 709  افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے۔ ان ٹیسٹ کے نتیجے میں صوبے کے 51 نئے کیسز سامنے آگئے۔ جس کے بعد صوبے میں ابتک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 942 ہوگئی۔ 

رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کورونا میں مبتلا 60 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعدصوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 16ہزار 153ہوگئی۔ 


محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے باعث ایک اور مریض انتقال کرگیا، جس کے بعد صوبے میں کورونا سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 165 ہوگئی۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں میں مزید 11 طالب علموں اور اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعدصوبے میں کورونا میں مبتلا طالب علموں اور اساتذہ کی تعداد 992 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 567 ٹیسٹ کئے گئے۔ اس دوران کورونا کے 40 مریض سامنے آئے۔ کوئٹہ میں آج کورونا کی شر ح 7.0 رہی۔

تازہ ترین