• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی والدہ کی نماز جنازہ جمعہ کی صبح لندن میں پڑھائی جائیگی

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) نواز شریف و شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ جمعہ کی صبح ریجنٹ پارک لندن کی مسجد میں پڑھائی جائے گی۔ فیملی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نمازجنازہ کے انتظامات مکمل کرلئے گئے اور نماز جنازہ کے فوری بعد ان کا جسد خاکی قطر یا برٹش ایئرویز کے ذریعہ پاکستان روانہ کردیا جائے گا، جہاں جاتی امرا میں ان کی تدفین ہوگی۔ ریجنٹ پارک مسجد کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شریف فیملی نے مسجد انتظامیہ کو بتایا تھا کہ نماز جنازہ جمعہ کو صبح پڑھائی جائے گی اور جمعرات تک مسجد کی انتظامیہ کو نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے 30 افراد کی فہرست فراہم کردی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ ہم نے شریف فیملی کو بتا دیا ہے کہ حکومت برطانیہ کی ہدایت کے مطابق 30 افراد سے زیادہ کو مسجد کے اندر اجازت نہیں دی جائے گی اور صرف منظور شدہ فہرست میں شامل افراد ہی نماز جنازہ میں شریک ہوسکیں گے۔ نماز جنازہ کے انتظامات ویسٹ منسٹر کورونر کی جانب سے شریف فیملی کو مرحومہ شمیم اختر کی موت کا سرٹیفکیٹ اور ان کا جسد خاکی پاکستان منتقل کرنے کی اجازت دیئے جانے کے بعد کئے گئے ہیں۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف اپنی والدہ کی میت کے ساتھ پاکستان نہیں جاسکیں گے۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے نواز شریف کو ان کی خرابی صحت اور جاری علاج کی وجہ سے سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ نواز شریف کی والدہ کا انتقال اتوار کی صبح سینے میں شدید انفیکشن کی وجہ سے ہوا تھا، وہ الزائمر کے بھی ایڈوانس مرحلے کی مریضہ تھیں۔ گزشتہ ہفتے ان کی حالت زیادہ خراب ہوئی، جس کے بعد ضعیف العمری کی وجہ سے وہ صحتیاب نہیں ہوسکیں۔ ان کاجسد خاکی پولیس اور کورونر کی جانب سے ایون فیلڈ فلیٹس میں ضابطہ کی کارروائی مکمل کئے جانے کے بعد ریجنٹ پارک مسجد کے مردہ خانے میں منتقل کردیا گیا تھا۔

تازہ ترین