• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور یورپی یونین کا باہمی تعاون و رابطے کو فروغ دینے پر اتفاق

پاکستان اور یورپین یونین باہمی اشتراک کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار بیلجیئم لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان ظہیر اسلم جنجوعہ اور یورپین پارلیمنٹ میں ساؤتھ ایشیا ڈیلیگیشن کے سربراہ نکولا پروکاسینی کے درمیان ہونے والے ایک آن لائن رابطے میں کیا گیا۔

اس رابطے میں تعاون کی مختلف جہت کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ کہ مشترکہ کوششوں کے ساتھ ہی باہمی تعاون میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ 

گفتگو کے دوران سفیر پاکستان نے بتایا کہ پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان حالیہ دنوں میں منعقد ہونے والا 5 واں انگیجمنٹ پلان اجلاس اور چھٹا پولیٹیکل ڈائیلاگ دونوں فریقین کے درمیان آگے کی جانب بڑھتے ہوئے تعلقات کا واضح اظہار اور اطمینان کا سبب ہے۔


اس موقع پر سفیر پاکستان نے ساؤتھ ایشیا ڈیلیگیشن کے سربراہ کے سامنے  یورپین یونین اور پاکستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، عوام کے درمیان رابطہ، انسانی حقوق کی صورتحال کی بہتری کی کوششوں سمیت تعاون کی صورتحال کا ایک تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ 

اس کے ساتھ ہی سفیر پاکستان نے یورپین یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس کی اہمیت کے احساس اور شکریے کے ساتھ امید ظاہر کی کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی منفی صورتحال پر قابو پا لیا جائے گا۔ 

گفتگو میں شریک دونوں وفود نے اس بات پر اتفاق کیا کہ باقاعدہ اعلیٰ سطح کے روابط، مضبوط ادارہ جاتی انتظامات اور منظم ڈائیلاگ کے ذریعے پاکستان اور یورپین یونین کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین