• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کورونا سے زیادہ خطرناک، عوام کو گمراہ کیا گیا، پیپلز پارٹی

سکھر (بیورورپورٹ)پیپلز پارٹی نے ملتان میں ہر صورت میں جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے رکاوٹ ڈالنے کی حکومتی کوشش پر پورے پنجاب کو جلسہ گاہ بنانے کا انتباہ دیدیا۔یہ حکومت کورونا سے زیادہ خطرناک ہے، کورونا کے حوالے سے عوام کوگمراہ خود حکومت نے کیا ہے، اگر حکومت کو جلسوں سے فرق نہیں پڑتاتووہ جلسے کرنے سے کیوں روک رہی ہے،جلسے سے آصفہ بھٹو بھی خطاب کریں گی جبکہ بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرینگے، مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے مریم نواز کو جلسے میں خصوصی طور پر شرکت کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات سیدہ نفیسہ شاہ، سیکریٹری اطلاعات سندھ عاجز دھامراہ نے سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کو جلسوں سے فرق نہیں پڑتاتووہ جلسے کرنے سے کیوں روک رہی ہے، وہ گھبراہٹ کا شکار ہے اور اس کی گھبراہٹ میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے، ہم اپنے جلسے میں میں ایس اوپیز کا ضرور خیال رکھیں گے، یہ حکومت کورونا سے زیادہ خطرناک ہے، کورونا کے حوالے سے عوام کوگمراہ خود حکومت نے کیا ہے، اسے حکومت نے معمولی سا فلو قرار دیا تھااب اسے خطرناک قرار دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے جلسے کوروکنے کے لیے جو ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں اس نے یزیدی دور کی یاد تازہ کردی ہے۔ ملک آہستہ آہستہ قید خانہ بنتا جارہاہے اس کنٹینر وائرس حکومت کا علاج پی ڈی ایم کے پاس ہے اور وہ اس کا علاج کرے گی حکومت کے ہوش ضرور ٹھکانے لگیں گے جب عوام اس کو غم و غصہ دکھائیں گے یہ حکومت ملتان میں ایک موسیٰ گیلانی سے ڈر گئی ہے اس نے پورے ملتان کو کنٹینرستان بنادیاہے گیلانی ہاؤس کی بجلی اور گیس کاٹ دی ہے جو قابل مذمت ہے۔ اگر سندھ سے ملتان جانے والے قافلوں کو روکا گیا تو یہ ملک دشمنی ہوگی۔ انہوں نے اسٹیل مل سے ملازمین نکالنے کے عمل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو یہ حکومت غریبوں سے ہمدردی کا اظہار کررہی ہے مگر دوسری طرف یہ روز بروز لوگوں سے روزگار چھین رہی ہے۔

تازہ ترین